قیمتی نوادرات پر میاں بیوی کے جھگڑے نے ہنستا بستا گھر برباد کر دیا

سسرال والوں کو لاکھوں روپے مالیت کے نوادرات امانت کے طور پر دئیے،بیوی کے گھر والے ہڑپ کر گئے،متاثرہ شخص کا دعویٰ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 5 مئی 2018 21:45

قیمتی نوادرات پر میاں بیوی کے جھگڑے نے ہنستا بستا گھر برباد کر دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2018ء) قیمتی نوادرات پر میاں بیوی کے جھگڑے نے ہنستا بستا گھر برباد کر دیا۔متاثرہ شخص طارق بشیر خوانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سسرال والوں کو لاکھوں روپے مالیت کے نوادرات امانت کے طور پر دئیے،بیوی کے گھر والے ہڑپ کر گئے۔تفصیلات کے مطابق انسان کی جبلت میں لالچ آ جائے تو اسے اپنے پرائے کی سمجھ بوجھ بھی نہیں رہتی۔

ایسے میں انسان اپنے لالچ میں مگن بڑے سے بڑاقدم اٹھانے سے بھی دریغ نہیں کرتا۔لالچی انسان کے پیش نظر صرف اور صرف اسکی حرص ہوتی ہے ،بسا اوقات وہ اس بات کی بھی پرواہ نہیں کرتا کہ اس کے اس حرص و لالچ کا نتیجہ کیا نکلے گا ۔رشتوں ناطوں کو کچلتا ہوا انسان صرف اور صرف اپنی حرص کو مد نظر رکھتا ہے ۔ایسا ہی ایک افسوس ناک واقعہ لاہور میں پیش آیا جہاں قیمتی نوادرات پر میاں بیوی کے جھگڑے نے ہنستا بستا گھر برباد کر دیا۔

(جاری ہے)

متاثرہ شخص طارق بشیر کے پاس لاکھوں روپے کی نوادرات موجود تھے ۔ان نوادرات میں 200 سال پرانی اشرفیاں اور کرنسی پیپر جیسی نایاب چیزیں تھیں۔یہ قیمتی نوادرات سالہا سال سے طارق بشیر چیمہ کے خاندان کے پاس تھے اور اسے بھی یہ تمام چیزیں اپنے بڑوں سے وراثت میں ملی تھیں تا ہم اسے یہ معلوم نہ تھا کہ یہی نوادرات اور قیمتی وراثت ایک دن اسکا گھر برباد کر دے گی۔

اس نے یہ تمام چیزیں حفاظت کی غرض سے بھلوال شہر میں موجود اپنے سسرال والوں کے پاس رکھوائیں جس کے بعد اسے کچھ پتہ نہ چل سکا کہ ان نوادرات کا کیا ہوا۔طارق بشیر چیمہ کے مطابق نوادرات کے حوالے سے اسکے سسرالیوں کی نیت میں فتور آچکا تھا اور انہوں نے وہ تمام نوادرات ہڑپ کر لئیے تھے۔جس کے بعد طارق بشیر چیمہ کے اپنی بیوی کے ساتھ جھگڑوں کا ایک سلسلہ چل نکلا اور اس کے بعد یہ ہنستا بستا گھر کورٹ کچہریوں میں دھکے کھانے لگا۔

طارق بشیر نے اپنے نوادرات نکلوانے کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا مگر اس سے قبل کہ اسے انصاف ملتا اسکے سسرالیوں نے اسے پولیس کی مدد سے اغوا کر لیا تا ہم وہ بہت مشکل سے انکے چنگل سے بازیاب ہوا ۔اس سارے واقعے کے دوران طارق بشیر چیمہ کے بچے در بدر ہو گئے اور شدید نفسیاتی اذیت کا شکار ہو گئے۔ بچے اب بھی کسی اچھے حل کی امید میں اپنے باپ کے ساتھ موجود ہیں جنکا خوشحال گھرانہ دیکھتے ہی دیکھتے تباہ ہو گیا ہے۔
قیمتی نوادرات پر میاں بیوی کے جھگڑے نے ہنستا بستا گھر برباد کر دیا