سی ڈی اے مارکیٹوں میں ترقیاتی کام جلد شروع کرے ،شیخ عامر وحید

جی ٹین فور مارکیٹ کو ملانے والا پل ابھی تک نہیں بن سکا، ظفر گجر

اتوار 6 مئی 2018 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی ٹین فور کے ایک وفد نے ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ظفراقبال گجر کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید، سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا کو اپنی مارکیٹ کے مسائل سے آگاہ کیا۔

وفد میں ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عثمان خان اور گروپ لیڈر چوہدری عرفان سمیت دیگر عہدیداران و تاجر شامل تھے۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ جی ٹین فور سمیت اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں میں کئی سالوں سے ترقیاتی کام نہیں کئے گئے جس وجہ سے تاجر برادری کو مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

لہذا انہوں نے سی ڈی اے پرزور دیا کہ وہ اسلام آباد کی مارکیٹوں میں ترقیاتی کام جلد شروع کرے تا کہ تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔ انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کہا کہ وہ جی ٹین فور مارکیٹ کو ملانے والا پل جلد از جلد تعمیر کرے کیونکہ پل نہ ہونے کی وجہ سے تاجروں کو کئی مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کرایہ داری کی عدم موجودگی کی وجہ سے اسلام آباد میں بے دخلیوں کے واقعات سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور تاجر اپنے مستقبل کے بارے میں پریشان ہیں ۔

لہذا انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل جو عرصہ دراز سے قومی اسمبلی میں پڑا ہوا ہے اپنی مدت ختم ہونے سے پہلے پہلے پارلیمنٹ سے پاس کرائے تا کہ تاجروں کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مارکیٹ کے مسائل حل کرانے کیلئے چیمبر جی ٹین فور کی ایسوسی ایشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید، نائب صدر نثار مرزا، فائونڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، مرکزی انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ اور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اسلام آباد کیلئے ایک متوازن قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل تیار کیا گیا تھا جس کو بہت عرصہ پہلے قومی اسمبلی میں پیش گیا تھا لیکن ابھی تک اس بل کو قانونی شکل نہیں دی گئی جس سے تاجر برادری میں مایوسی پھیل رہی ہے۔

انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ اپنی مدت ختم ہونے سے پہلے قانون کرایہ داری کا بل پارلیمنٹ سے پاس کرا ئے تا کہ وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری سکھ کا سانس لے۔ ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی ٹین فور کے صدر چوہدری ظفر اقبال گجر، جنرل سیکرٹری عثمان خان اور گروپ لیڈر چوہدری عرفان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جی ٹین فورکو ملانے والا پل ابھی تک نہیں بن سکا جبکہ ٹھیکہ بھی ہو گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پل کی تعمیر میں تاخیر کی وجہ سے گاہکوں کو مارکیٹ میں آنے جانے میں مشکلات درپیش ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے مذکورہ پل کو جلد تعمیر کرے تا کہ مارکیٹ میں آنے جانے میں گاہکوں کو سہولت ہو۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں گذشتہ 4برس سے کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا جس وجہ سے فٹ پاتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، سٹریٹ لائٹس خراب ہیں، صفائی کا نظام غیر تسلی بخش ہے اور فلٹریشن پلانٹ کا وعدہ بھی ابھی تک پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے جی ٹین فور کی مارکیٹ کے مسائل کو جلد حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے تا کہ تاجر بردری سازگار ماحول میں کاروباری سرگرمیوں کو فرو غ دے سکے۔