مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ میں بم دھماکے سے 6 فلسطینی شہید ،ْمتعدد زخمی

شہید اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق غزہ کی حکمراں جماعت حماس سے ہے

اتوار 6 مئی 2018 18:20

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ میں بم دھماکے سے 6 فلسطینی شہید ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطین کے ساحلی علاقے غزہ کی پٹی پر ہونے والے ایک بم دھماکے میں کم از کم 6 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ شہید اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق غزہ کی حکمراں جماعت حماس سے ہے۔ حماس نے اس دھماکے کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کردی ہے۔

(جاری ہے)

حماس کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی دشمن کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف ایک سنگین واردات کا ارتکاب کیا گیا تھا۔ اس واردات کی تحقیقات کرنے کیلئے حماس کے عسکری گروپ قسام بریگیڈ کے اہلکار سیکورٹی اور انٹیلی جنس آپریشن میں مصروف تھے کہ اس دوران انہیں بم سے نشانہ بنادیا گیا۔ واقعہ کی ویڈیو اور تصاویر سامنے آئی ہیں جس میں جائے وقوعہ سے دھویں کے بادل اٹھتے نظر آیاتاہم دھماکے کی مزید وجوہات اور تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ برطانوی میڈیا نے ذرائع سے بتایا کہ ایک عمارت میں بارودی مواد پر کام کرتے ہوئے یہ دھماکا ہوا۔