دنیابھر میں پاکستانی پھلوں ،اور سبزیوں کی مانگ میں اضافہ

پیر 7 مئی 2018 14:25

فیصل آباد۔7 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) دنیابھر میں پاکستانی آم ،ترشاوہ پھلوں ، امرود ،آڑواور سیب کے علاوہ مختلف سبزیوں بھنڈی توری ، کریلہ ، گھیا توری، کدو اور خربوزہ وغیرہ کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوگیاہے جبکہ بعداز برداشت پھلوں و سبزیوں کی مارکیٹنگ کے عوامل کو سائنسی انداز میں سرانجام دے کر مزید اربوں روپے کا قیمتی زرمبادلہ حاصل کیاجاسکتاہے، پھلوں وسبزیوں کے برآمدی اہداف حاصل کرنے اور ملکی معیشت کے استحکام کیلئے ان اشیاء کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنا بھی ضروری ہے ۔

ماہرین انٹومالوجیکل ریسرچ نے بتایا کہ مختلف پھلوں اور سبزیوں پر پھلوں کی مکھی کا حملہ انتہائی توجہ طلب ہے کیونکہ ان کے حملہ سے مختلف پھلوں اور سبزیوں میں 15سے 100فیصد پیداوار متاثر ہوسکتی ہے جس سے برآمدات میں کمی ہوجاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ دنیا میں تقریباً 24اقسام کی پھل کی مکھیاں موجود ہیں جن میں سے 7اقسام پاکستان میں پائی جاتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے مطابق انٹر نیشنل مارکیٹ میں پھلوں اور سبزیوں کے معیار کا اندازہ زہروں اور کیڑوں سے پاک ہونے سے لگایا جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ جاپان ، کوریا ، ایران ، فرانس ، برطانیہ ، امریکہ ، مشرق وسطیٰ ،خلیجی اورمغربی ممالک نے پاکستانی پھلوں اور سبزیوں کی درآمدات شروع کردی ہیں لیکن یہ ممالک پھل کی مکھی سے پاک اشیاء کا مطالبہ کرتے ہیںلہٰذاان وجوہات کی بناء پر پاکستان میں پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں اضافہ کیلئے گلوبل گیپ سرٹیفکیشن پروگرام شروع کیاگیا ہے جس کا بنیادی مقصد پھلوں اورسبزیوں کومختلف بیماریوں اور کیڑوں کے علاوہ زہروں کے اثرات سے محفوظ بنانا ہے ۔

انہوںنے بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایت پر محکمہ زراعت پنجاب نے پھلوں اور سبزیوں کے پھل کی مکھی کے تدارک بارے ایک منصوبہ کے تحت ریسرچ اور ایکسٹینشن شعبہ جات کے زرعی ماہرین نے مشترکہ طورپر پھل کی مکھی کے مربوط انسداد کی مہم شروع کردی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پھل کی مکھیوں کے مربوط انسداد کیلئے کاشتکار اور باغبان اپنے کھیتوں اور باغوں کی صفائی پر بھرپور توجہ دیں اوران مکھیوں کے حملہ سے متاثرہ گرے ہوئے پھلوں اور سبزیوں کو اکٹھا کرکے گہرے گڑھوں میں دفن کردیں یا پلاسٹک لفافوں میں اکٹھا کرکے دھوپ میں رکھیں تاکہ اس سے پھل کی مکھی کے لاروے اور پیوپے تلف ہوجائیں ۔

انہوںنے کہاکہ صفائی کے عمل سے 80فیصد تک پھل کی مکھیوں کا تدارک ہوجاتا ہے لیکن باغبان پھل کی نر مکھی کو کنٹرول کرنے کیلئے کھیتوں میں سیکس فیرامون کے جنسی پھندے بھی لگائیں ۔