احسن اقبال کابطور وزیر سی پیک منصوبے کیلئے اہم کردار ،تما م پہلوئوں سے تحقیقات کی جائیں‘ اشرف بھٹی

پیر 7 مئی 2018 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) آل پاکستان انجمن تاجران نے داخلہ ، منصوبہ بندی ،ترقی و اصلاحات کے وزیر احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعہ کی تمام پہلوئوں سے تحقیقات ہونی چاہئیں،پاکستان کے دشمن ہمیں کمزور کرنے کے درپے ہیں ایسے حالات میں پوری قوم کو اپنے بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔

مرکزی صدر اشرف بھٹی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ہنگامی اجلاس ہوا جس میں طارق فیروز، میاں سلیم،نعیم بادشاہ، میاں وقار، ملک ناظم،شیخ ارشدسمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں احسن اقبال کی جلد صحتیابی کیلئے دعا اور تاجر رہنما نعیم میر کے والد سلیم میر کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ احسن اقبال اہم عہدوں پر فرائض سر انجام دینے کی وجہ سے انتہائی اہمیت کی حامل شخصیت ہیں اور ان پر حملہ پوری قوم کیلئے تشویش کا باعث ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ احسن اقبال نے بطور وزیر سی پیک منصوبے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے اور پوری قوم اچھی طرح آگاہ ہے کہ دشمن کو سی پیک منصوبہ ایک آنکھ نہیں بھاتا ۔اس تناظر میں اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہئیں اور اس میں تمام پہلوئوں کو زیر غور لایا جائے ۔اشرف بھٹی نے کہا کہ ہم بطور قوم متحد ہیں اور دشمن کی سازش کو نہ صر ف ناکام بنایا جائے گا بلکہ سی پیک منصوبے کو پوری قوم اپنے حصار میں لے کر مکمل کرے گی ۔