وزیراعلیٰ سے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے وفاقی و صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور بلدیاتی اداروں کے عہدیداران کی ملاقات

اراکین پارلیمنٹ کا جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کیلئے بے مثال اقدامات پر محمد شہبازشریف کی ولولہ انگیز قیادت کو خراج تحسین جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دینا میری ذمہ داری ہے جسے ہر حال میں نبھائوں گا‘شہبازشریف پورے جنوبی پنجاب میں ترقی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھایا گیا ہے ، جنوبی پنجاب ایک خوشحال علاقے کا منظر پیش کر رہا ہے ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کو بری طرح نظرانداز کیا، جنوبی پنجاب کے صوبے کا نعرہ لگانیوالے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں

پیر 7 مئی 2018 20:03

وزیراعلیٰ سے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے وفاقی و صوبائی وزراء، اراکین ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے وفاقی و صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور بلدیاتی اداروں کے عہدیداران نے ملاقات کی جس میں جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی پروگرامز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ نے علاقے کی ترقی و خوشحالی کیلئے بے مثال اقدامات پر محمد شہبازشریف کی ولولہ انگیز قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔

اراکین پارلیمنٹ نے کہا کہ آپ نے جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے اور ملک کی 70 سالہ تاریخ میں جنوبی پنجاب میں ایسی ترقی نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپ کا دور جنوبی پنجاب کیلئے سنہرا ترین دور ہے اور آپ نے اپنا خون پسینہ بہا کر جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج جنوبی پنجاب ترقی کی دوڑ میں وسطی پنجاب کے قریب تر پہنچ چکا ہے۔

آپ نے جنوبی پنجاب میں تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، سڑکوں اور پلوں کا جال بچھا دیا ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے صوبے کا نعرہ لگانے والوں نے ہمیشہ اس علاقے کو نظرانداز کیا ہے۔ اراکین اسمبلی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام آپ سے والہانہ محبت کرتے ہیں اور انشاء اللہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب میں دوبارہ کامیاب ہوگی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام مجھے بہت عزیز ہیں اور میں نے ہمیشہ جنوبی پنجاب کی ترقی پر فوکس کیا ہے۔

پورے جنوبی پنجاب میں ترقی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھایا گیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس علاقے کو ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کئے ہیں اور آج جنوبی پنجاب ایک خوشحال علاقے کا منظر پیش کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دینا میری ذمہ داری ہے اورمیں یہ ذمہ داری ہر حال میں نبھائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کو بری طرح نظرانداز کیا۔ جنوبی پنجاب کے صوبے کا نعرے لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔