سکھر ڈویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین کی جانب سے شہر میں پینے کے پانی کے بحران پر تشویش کا اظہار

منگل 8 مئی 2018 00:00

سکھر۔ 7مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے شہر میں پینے کے پانی کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اپنے دفتر میں ایس ڈی اے رہنمائوں مولانا عبیداللہ بھٹو، غلام مصطفی پھلپوٹو، دوا خان، شاہ محمد انڈھڑ، رضوان قادری، ڈاکٹر سعید اعوان، شریف ڈاڈا، شکیل قریشی، ظہیر بھٹی، سید ماجد شاہ، محمد منیر میمن، آغا محمد اکرم، حبیب ناصرعبدالباری انصاری،انیس خان،حسن قاضی، حسن شہید، آصف راجپوت، صداقت خان و دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن کا مزید کہنا تھا کہ سکھر کے شہری شدید گرمی میں پانی کی قلت کے باعث اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں، بچے، بوڑھے، خواتین دور دراز علاقوں سے پانی بھرنے پر مجبور ہیں، پینے کا صاف پانی میسر نہ ہونے کی وجہ سے سکھر کے شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں، جس میں گیسٹروں، ہیپاٹائٹس، ڈائریاں اور پیٹ کی بیماریاں شامل ہیں،اس کے باوجود شہر سے منتخب نمائندے اور ارباب اختیار اس مسئلہ کے مستقل حل کو تیار نہیں، ان کا کہنا تھا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی پرسیاسی ٹھیکیداروں کے ذریعے صرف کاغذی طور پر اربوں روپے خرچ کر کے ریکارڈ کرپشن کی گئی جس کے باعث آج بھی سکھر کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ لب دریا آباد ہونے کے باوجود سکھر شہر میں پینے کے پانی کے بحران کا نوٹس لیکر شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔