مختلف ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے 15 ارب روپے سے زائد کی منظوری

منگل 8 مئی 2018 18:30

لاہور۔08مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال 2017-18 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کی صوبائی ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کی63 ویںاجلاس میں مختلف سیکٹرز کی6 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے مجموعی طور پر 15 ارب 13کروڑ 9لاکھ 71 ہزار روپے کی منظوری دی، اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد جہانزیب خان نے کی جبکہ سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو سمیت صوبائی محکموں کے اعلی افسران ، اسسٹنٹ چیف (کوآرڈینیشن ) پی اینڈ ڈی حافظ محمد اقبال اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی، صوبائی ورکنگ پارٹی کی63ویں اجلاس میںجن6ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں سیالکوٹ میں گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی کی بلڈنگ کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 2 ارب 19 کروڑ 92 لاکھ 18 ہزار روپے، پنجاب نان فارمل ایجوکیشن پراجیکٹ (ترمیمی) کیلئے 7 ارب 29 کروڑ 94 لاکھ 83 ہزار روپے ، لاہور میں پنجاب اسمبلی بلڈنگ سیشن ہال کی تزئین و آرائش کیلئے 80 کروڑ 97 لاکھ 42 ہزار روپے، صوبہ پنجاب کے مختلف علاقہ جات میں ڈرینج نیٹ ورک کی بہتری کیلئے 1 ارب 97 کروڑ 76 لاکھ 1 ہزار روپے، ماہوتا ڈیم کی تعمیر کیلئے 2 ارب 44 کروڑ 56 لاکھ 59 ہزار روپے اور سیالکوٹ شہر (NA-110) کے روڈز کی سپیشل تعمیر و مرمت و کشادگی کیلئے 39 کروڑ 92 لاکھ 68 ہزار روپے شامل ہیں۔