تحریک انصاف نئے انتظامی یونٹس کی مکمل حمایت کرتی ہے،نئے صوبوں کے قیام سے انتظامی معاملات قدر آسان و بہتر ہونگے، ڈاکٹر نوشین حامد

منگل 8 مئی 2018 21:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نئے انتظامی یونٹس کی مکمل حمایت کرتی ہے۔نئے صوبوں کے قیام سے انتظامی معاملات قدر آسان و بہتر ہونگے۔جنوبی پنجاب کے عوام کئی سالوں سے محرومیوں کا شکار بنتے آرہے ہیں لیکن اب ایسا ہرگز نہیں ہو گا۔نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اور تمام طبقات کو برابری کی سطح پر حقوق میسر ہونگے۔

شہباز شریف نے نے دس سال تک جنوبی پنجاب کی عوام کا استحصال کیا ہے جس کے باعث یہاں کے نمائندے اپنی الگ جماعت بنانے پر مجبور ہوئے ہیں۔جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کی قیادت کا تحریک انصاف سے اتحاد خوش آئند ہے اب وقت آگیا ہے کہ سینٹرل پنجاب کے لوگ بھی ہوش کے ناخن لیں چو رڈاکو کبھی بھی غریب عوام کے مفادات میں کارگر ثابت نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینٹ میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کا مزید کہنا تھاتحریک انصاف نے عوام کو ایک نئی سوچ اور شعور دیاہے جو ان کرپٹ حکمرانوں کیخلاف کھڑے ہونے کا واضع ثبوت ہے۔پنجاب کی عوام کو تیس سالوں سے شریف فیملی لوٹ رہی ہے لیکن آج تک بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مکمل ناکام رہی ہے ۔پنجاب پورے ملک میں سب سے بڑا صوبہ اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن اس کے باوجود حکمرانوں کی نا اہلی کی وجہ ان قدرتی وسائل کو استعمال میں نہیں لایا جا رہا ۔کیونکہ مسلم لیگ(ن) وہی منصوبہ شروع کرتی ہے جس میں ان کو کمیشن ملتی ہے۔