آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ایونٹس کے شاندار انعقاد پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو مبارکباد

بدھ 9 مئی 2018 01:10

لاہور ۔ 8 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ایونٹس کے شاندار انعقاد پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو مبارکباد پیش کی ہے، پی سی بی کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی ایس ایل میچز اور ویسٹ انڈیزکیخلاف ہوم سیریز کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو ستائشی خط لکھا ہے، پاک فوج کے سربراہ کی جانب سے لکھے گئے خط کا متن ’’پاکستان میں پی ایس ایل میچز اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے کامیاب انعقاد پر آپ کو اور آپ کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان میچز کا پاکستان میں انعقاد ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس سے مستقبل میں نہ صرف پاکستان کرکٹ کو فائدہ پہنچے گا بلکہ دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوا اور سیکیورٹی خدشات دور کرنے میں بھی مدد ملی، انٹرنیشل میچزکیلئے سکیورٹی انتظامات پر پاک فوج کے کردار کی تعریف پر شکر گزار ہوں،پرامن اور ترقی کرتے ہوئے پاکستان کا تاثر دنیا کے سامنے لانے کیلئے پاک فوج پی سی بی کے ساتھ بھرپورتعاون کرتی رہے گی، ان ایونٹس کے کامیاب انعقاد کیلئے آپ کی وطن دوستی اور جانفشانی قابل قدر ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے تمام عہدیداران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کر تا ہوں۔