پشاور،مختلف کارروائیوں میں برآمدہونیوالی گاڑیاں مالکان کے حوالے

بدھ 9 مئی 2018 16:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) انسپکٹر جنرل آف پویس خیبر پختونخواہ صلاح الدین محسود کے خصوصی احکامات پر سی سی پی اوپشاور قاضی جمیل الرحمن اور ایس ایس پی آپریشن پشاور جاوید اقبال کی نگرانی میںضلع بھر میں کار سنیچرز اور کار لفٹرز گروہ کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کیا۔ مہم کے دوران ڈویژنل ایس پیز کی قیادت میں مختلف تھانہ جات کی حدود میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے کل 37 چوری شدہ اور ٹمپرڈگاڑیاں بر آمد کرکے صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ۔

برآمد کی گئی 37 گاڑیوں میں سے 20 گاڑیاں انٹی کارلفٹنگ سیل نے انتھک محنت کے بعد ریکور کیں۔ ان گاڑیوں میں سے 21 گاڑیاں چوری شدہ تھیں جنکے خلاف مختلف تھانہ جات میں پہلے سے مقدمات درج رجسٹرڈ تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ 16 گاڑیوں کو مشکوک پا کر انکے خلاف انکوائری شروع کی گئی جوFSL لیبارٹری سے تجزیہ کرانے پر ٹمپرڈ شدہ قرار پائیں ہیں۔ مختلف ماڈل کی گاڑیوں کی بر آمدگی کے ساتھ ساتھ36 مشہور کارسنیچرز اور کار لفٹرز کے ساتھ ساتھ کار ریسیورز کو بھی گرفتارکیا گیاہے۔

ایس ایس پی پشاو ر جاوید اقبال نے اس ضمن میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا نمائندگان سے بات چیت کے دوران VVS کی افادیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوںنے واضح کیا کہ شروع کی گئی مہم میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے کم وقت میں بڑی کامیابیاں سمیٹیں۔ انہوں نے آئندہ بھی چوری شدہ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کرنے کا عزم ظاہر کیا۔پریس کانفرنس کے بعد ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے گاڑی مالکان نے خصوصی طور پر سی سی پی او قاضی جمیل الرحمن اور ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال سے ملاقات کرکے گاڑیاں برآمدکرنے پر کیپیٹل سٹی پولیس کا شکریہ ادا کیا۔