پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے موسمی انتخابی پرندوں کا پیپلز پارٹی والوں سے بھی برا حشر ہوگا ‘ پرویز ملک

پارٹی سے وفا عوام کے دلوں میں رچی بسی ہے اور عملی اقدامات کے باعث والہانہ پذیرائی مل رہی ہے‘وفاقی وزیر تجارت

بدھ 9 مئی 2018 17:32

پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے موسمی انتخابی پرندوں کا پیپلز پارٹی والوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و وفاقی وزیر محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے بھی جنوبی پنجاب کا نعرہ لگا کر 2013ء کا الیکشن لڑا اوردیوار کے ساتھ لگ گئی پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے موسمی انتخابی پرندوں کا اس سے بھی برا حشر ہوگا، یہ الیکشن سے پہلے ہی آپس میں تقسیم ہو گئے ہیں۔

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ارکان اسمبلی چوہدری شہباز،میاںمرغوب احمد،سید توصیف شاہ،سینیٹرڈاکٹراسداشرف،عامر خان،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،جاوید اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مثبت سیاست کے باعث ملک کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے، پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کی کاوشوں کے سبب ملک میں امن قائم ہوا ہے۔

(جاری ہے)

عوام کے مسائل کے حل کے لئے حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔الزامات کی گرد اڑانے والوں کو ماسوائے ندامت کے کچھ نہیں ملے گا اور آئندہ عام انتخابات میں بھی عوام ووٹ کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کی توثیق کریں گے،پاکستان کے عوام ملک کی ترقی اور خوشحالی کے متمنی ہیں، مسلم لیگ (ن) سے وفا عوام کے دلوں میں رچی بسی ہے اور عملی اقدامات کے باعث مسلم لیگ (ن) کو عوام میں والہانہ پذیرائی مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ باشعور عوام نے جھوٹ اور الزامات کی منفی سیاست کرنیوالوں کو آئینہ دکھا دیا ہے۔ منفی احتجاج، انتشار اور دھرنوں کی سیاست کرنیوالوں کو شکست فاش ہو گی، انتشار اور منفی سیاست کرنیوالوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کی بدولت عوام نے اسے ہر الیکشن میں سرخرو کیا ہے۔