پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کا 12 مئی کو ہونے والا جلسہ روکنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر

بدھ 9 مئی 2018 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2018ء) پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کا 12 مئی کو ہونے والا جلسہ روکنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائرکر دی گئی ہے جس کی سماعت جمعرات کو ہو گی۔سندھ ہائیکورٹ میں دائر آئینی درخواست میں شہری اقبال کاظمی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 12 مئی کراچی میں یوم سیاہ کے طور پریاد کیا جاتا ہے۔ 12 مئی 2007 کو کراچی میں خون کی ہولی کھیلی گئی۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت میں شامل پیپلزپارٹی اور خیبرپختونخوا حکومت میں شامل تحریک انصاف اس روز کراچی میں جلسے کرنا چاہتی ہیں جبکہ دو روز قبل ان جماعتوں کے درمیان تصادم بھی ہوچکا ہے۔ اگر ان سیاسی جماعتوں کو 12 مئی کو جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی تو کراچی میں ایک بار پھر 12مئی 2007 والی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے لہٰذا عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ ان سیاسی جماعتوں کو جلسہ کرنے سے روکا جائے۔#