ملک بھر میں بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی ،راجہ وسیم حسن

بدھ 9 مئی 2018 21:32

لاہور۔9 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) انجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے نائب صدرراجہ وسیم حسن نے کہا ہے کہ چین کے صوبے شانڈونگ کی کمپنیوں کی اسلام آباد چیمبرز کے دورہ کے موقع پر پاکستان میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی کمپنیوں کی پاکستان میں پارٹنر شپ اور سرمایہ کاری سے ملکی صنعت ترقی کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے شہید گنج کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیوں کے پاس مہارت اور وسیع تجربہ ہے جس کے باعث چینی کمپنیاں پوری دنیا میں شہرت حاصل کررہی ہیں ۔راجہ وسیم حسن نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کے ساتھ ملک بھر میں قائم سپیشل اکنامک زونز میں چینی سرمایہ کاروں کو ٹیکس میں چھوٹ سے سرمایہ کار پاکستان میں صنعتی یونٹ لگائیں گے جس سے ملک بھر میں روزگار کے لاکھوں مواقع دستیاب ہونگے ۔ انہوںنے کہا کہ ملک بھر میں بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی اورملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔