Live Updates

تحریک انصاف واحد پارٹی ہے جو اس ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے ، بقایا پارٹیوں کے پاس کوئی منشور نہیں ،صوبائی وزیر تعلیم

بدھ 9 مئی 2018 23:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2018ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت ہر عمر اورہر مکتبہ ء فکر کے لوگوں میں بڑھ رہی ہے اور خصوصاً وہ لوگ جو کہ اس ملک کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں ، تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں، ہمار ی نیت ٹھیک ہے ، سمت درست ہے اور لیڈر ٹھیک ہے ، اسلئے ضرور پاکستان کو دنیا کی صف اول کی سلطنت بنائیں گے، تحریک انصاف واحد پارٹی ہے جو کہ اس ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے ، بقایا پارٹیوں کیساتھ نہ تو کوئی پروگرام ہے اور نہ ہی پارٹی پالیسی اور منشور ، باریاں بدل بدل کر پاکستان کو لوٹ رہے ہیں۔

وہ موضع شیخ کلے مردان میں ویلج کونسل کودینکہ کے ناظم افضل سید کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی مجاہد خان ، تحصیل ، ضلعی کونسل اور ویلج کونسل کے اراکین بھی موجود تھے۔ افضل سید نے اس موقع پر 13 بلدیاتی ممبران کیساتھ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اور کہا کہ میں نے عمران خان کی عظیم قائدانہ صلاحیتوں اور صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان کی محکمہ تعلیم میںکامیاب پالیسیوں ، ضلع مردان کیلئے کئی میگا پراجیکٹس کی منظوری اور بے داغ سیاسی کیرئیر سے متاثر ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی، تاکہ پاکستان تحریک انصاف کی پلیٹ فارم سے ملک و قوم کی خدمت کرسکوں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم اور ایم این اے مجاہدخان نے ویلج کونسل ناظم افضل سید کو پارٹی ٹوپی پہنائی اور پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی پانچ سالہ کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں اس لئے اس پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں اور انشاء اللہ 2018 کے الیکشن میں PTI پورے ملک میں حکومت بنائے گی،اس موقع پر بلدیاتی نمائندوں نے عاطف خان کو یقین دلایا کہ عوام آپ کی کارکردگی سے بہت مطمئن ہیں اور آنیوالے الیکشن میں آپ کو کمپین کرنے کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی۔ آپ نے اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے پوری کرلی ہے اور اب عوام آپ کے حق میں ضرور ووٹ کا استعمال کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات