سابق وزیر اعظم نواز شریف پر بھارت پیسے بھجوانے کا الزام

کیا نیب نے یہ سب دباؤ میں آکر کیا ؟ ایسا کیوں ممکن نہیں ہے؟

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 10 مئی 2018 11:31

سابق وزیر اعظم نواز شریف پر بھارت پیسے بھجوانے کا الزام
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 مئی 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی عارف نظامی نے کہا کہ میں ہرگز یہ نہیں کہہ سکتا کہ نیب نے یہ سب کچھ دباؤ میں آ کر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب ایک خود مختار ادارہ ہے، میں یہ نہیں کہوں گا کہ نیب نے دباؤ میں آ کر کیا ہے ہاں لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ جو کچھ بھی ہوا بغیر سوچے سمجھے کیا گیا ہے۔

اس کا ملک کے عام آدمی پر بھی تاثر رہے گا جو میڈیا دیکھنے والا ہے کہ واقعہ نواز شریف نے ایسا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیا حکومت پاکستان کو نواز شریف نے اتنا ہی ذاتی بزنس بنا لیا تھا کہ انہوں نے کہا ہو گا کہ اتنی رقم بھارت بھیج دو اور وہ بھیج دی گئی ہو گی ۔ ایک تو یہ بات ہے کہ یہ رقم اتنی بڑی ہے اور دوسری بات یہ ہے کہ بھارت کا بھی مسئلہ ہے کیا پاکستان میں اسٹیٹ بینک نہیں ہے؟ پاکستان بنانا ری پبلک تو نہیں ہیں ، یہ سب سوچنے والی باتیں تھیں۔

(جاری ہے)

ابھی اتنی بھی نوبت نہیں آئی کہ پاکستان کا ایک با شعور وزیر اعظم اپنے شعور میں ہوتے ہوئے عقل سے بے بہرہ ہو کر ایسا کام کر لے،مزید یہ کہ اگر پاکستان سے اتنی بڑی رقم جائے گی تو ابھی پاک فوج بھی بیٹھی ہوئی ہے، جو ان معاملات سے اتنی لا تعلق نہیں ہوتی۔یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف پر مبینہ طورپر4.9 بلین ڈالررقم بھارت بھیجنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

جس پر چئیرمین نیب نے نوٹس لیتے ہوئے مزید تحقیقات کا حکم دیا۔ اعلامیہ نیب کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور دیگرکے خلاف مبینہ طورپر4.9 بلین ڈالررقم بھارت بھیجنے کی شکایات موصول ہوئیں۔جس پرچیرمین نیب نے نواز شریف اور دیگر کے خلاف جانچ پڑتال کا حکم دیا۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور دیگرکی جانب سے یہ رقم مبینہ طور پرمنی لانڈرنگ کے ذریعے بھارت بھجوائی گئی۔

منی لانڈرنگ کے ذریعے بھارتی حکومت کے سرکاری خزانہ میں 4ارب 9 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم بھجوائی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بات ورلڈ بینک مائیگریشن اینڈ ریمڈینس بک 2016ء میں موجود ہے۔ نیب کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور دیگر کے اس غیرقانونی اقدام سے پاکستان کو نقصان جبکہ بھارتی حکومت کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے سے بھارت کو فائدہ پہنچا ۔واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے خلاف نیب کورٹ میں پانامہ کیس میں منی لانڈرنگ کے مختلف ریفرنسز زیرسماعت ہیں۔ قبل ازیں پانامہ کیس میں اقامہ کی بنیاد پرسابق وزیراعظم نواز شریف کوسپریم کورٹ نے نااہل کیا تھا جس کے بعد نواز شریف کو وزارت عظمیٰ اور پارٹی صدارت کا عہدہ چھوڑنا پڑا۔