Live Updates

ہم اپنے سینوں پر گولیاں کھا لیں گے لیکن نہتے رہیں گے،پاکستان تحریک انصاف

جمعرات 10 مئی 2018 14:50

ہم اپنے سینوں پر گولیاں کھا لیں گے لیکن نہتے رہیں گے،پاکستان تحریک ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ہم اپنے سینوں پر گولیاں کھا لیں گے لیکن نہتے رہیں گے۔رات گئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر ڈاکٹرعارف علوی اور سینئررہنماعمران اسماعیل میں سفاری پاک کے قریب جلسے کے مقام پر قائم کیمپ کادورہ کیا۔اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ عمران خان شہر کو پر امن بنائیں گے، جبکہ عمران اسماعیل نے کہاکہ کراچی میں سیکورٹی رسک ہونہ ہوعمران خان ضرورآئیں گے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کراچی میں دہشت پھیلائی جاتی ہے لیکن کراچی کو پرامن رہنا چاہیے، ہم کراچی کے حقوق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے کہاکہ لاہور میں عمران خان نے 11 نکات پیش کیے، یہ نکات کراچی کی امیدوں پر بھی پورا اتریں گے، کراچی کی رونق ہمارے جلسے کے بعد مزید بڑھ جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کا کراچی کے امن سے کوئی تعلق نہیں، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی آپس میں پیسے بانٹا کرتے تھے، کراچی والوں کو پیغام ہے کہ آئو اور اپنے لیڈرکی آواز سنو۔

تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہاکہ 12 مئی کو امن کا دن منائیں گے، اس جلسے میں خیبر پختونخوا کابینہ بھی شرکت کرے گی لیکن عمران خان کی خواہش ہے کہ اسٹیج پرکراچی کی قیادت موجود ہو۔انہوں نے کہاکہ اسٹیج پرتمام لوگ نہیں آسکتے اور عمران خان کونیچے نہیں لایا جاسکتا اس لیے ہم ایک نئے قسم کا اسٹیج متعارف کرا رہے ہیں جس کے بعد دور والے بھی عمران خان کو دیکھ سکیں گے۔عمران اسماعیل نے کہا کہ اسٹیج 60 فٹ اونچا اور 200 فٹ چوڑا ہوگا، جلسے میں میوزیکل پروگرام اور آتش بازی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات