جماعت اسلامی کی حکومت پرتنقید عوام کوورغلانے کی کوشش ہے، ارباب عثمان

سال بعد اپنے وزراء کی ناکامیوں پرپردہ ڈالنے کیلئے حکومت سے علیحدگی اختیارکی، رہنما تحریک انصاف

جمعرات 10 مئی 2018 21:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اورجان دوست فائونڈیشن کے چیئرمین ارباب محمدعثمان خان نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کی حکومت پرتنقید عوام کودھوکہ دینے کی کوشش ہے۔ انہوں نے مزیدکہاہے کہ حکومت میں رہتے ہوئے مراعات کامزہ لینے کے بعد بی آرٹی جیسے میگا پراجیکٹ پرتنقیدجماعت اسلامی کی ذہنیت کی عکاسی کرتاہے۔

اپنے ایک بیان میں ارباب عثمان نے کہاہے کہ جماعت اسلامی بتائے کہ خود پانچ سال حکومت میں رہ کراہم وزارتوں کے ساتھ صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کونسے منصوبے شروع کئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہارکیا کہ جماعت اسلامی نے دعوہ کیاتھا کہ خوش اسلوبی سے حکومت سے علیحدگی اختیارکررہے ہیں اور اب اسی حکومت کاجس کا حصہ تھے انکے میگاپراجیکٹ پر تنقیدکررہے ہیں جو کہ پشاور کے عوام کیلئے تاریخی اورخوش آئند ثابت ہوگا اورغریب عوام کو اس سے فائدہ حاصل ہوگا ۔

(جاری ہے)

آصف لقمان قاضی کے حالیہ بیان سے جماعت اسلامی اوران کے عہدیداروں کی ذہنیت کی مکمل عکاسی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ایک مفادپرست جماعت ہے اور پانچ سال حکومت میں رہنے کے بعد عوام کے آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے آخری مہینے میں حکومت سے علیحدگی اختیار کی تاکہ اپنے وزراء کی ناکامیوں پر پردہ ڈال سکیں اور ایم ایم اے کی تشکیل اسلام کیلئے نہیں بلکہ اسلام آباد کیلئے کی ہے۔

ارباب عثمان نے کہاکہ جماعت اسلامی وزارت خزانہ اور بلدیات جیسے اہم وزارتیں رکھنے کے باوجود خودعوام کی کوئی خدمت نہ کرسکیں اور آخرمیں صوبائی حکومت اور پشاورکے عوام کیلئے شروع کئے گئے میگا پراجیکٹ جیسے منصوبے پر تنقید کرکے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے عوام کاتحریک انصاف کی حکومت پرمکمل اعتماد ہے اور آئندہ انتخابات میں ایک بارپھر کارکردگی کی بنیاد پر بھاری اکثریت سے انہیں کامیاب کرائے گی ۔ #