گورنرسندھ محمد زبیر سے گورنر ہائوس میں میئر کراچی وسیم اختر کی ملاقات

وفاق کے تحت شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں ،کراچی ترقیاتی پیکج اور عوامی فلاح و بہبود کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا کراچی روشنیوں کا شہر بن رہا ہے، ترقیاتی کام وقت کی اہم ضرورت ہیں اس ضمن میں وفاق کا تعاون جاری رہے گا ، گورنرسندھ

جمعرات 10 مئی 2018 22:22

گورنرسندھ محمد زبیر سے گورنر ہائوس میں میئر کراچی وسیم اختر کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیرسے گورنرہائوس میں میئر کراچی وسیم اختر نے ملاقا ت کی ۔ ملاقات میں وفاق کے تحت شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں ،کراچی ترقیاتی پیکج ، عوامی فلاح و بہبود کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات ، شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے وفاق کے بھرپور تعاون سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کے اقتصادی حب کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن رہا ہے ہر طرف ادبی ، ثقافتی ، سماجی ، سیاسی ، معاشی ، اقتصادی ، تفریحی ، کھیلوں سمیت فلمی صنعت کی بھرپور سرگرمیاں پروان چڑھتی نظر آرہی ہیں ، شہر کے باسی رات گئے تک اپنا کاروبار زندگی بغیر کسی رکاوٹ کے انجام دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں میں کہا کہ ملک کی معاشی شہ رگ اقتصادی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، شہر میں صنعتی فعالیت ، تجارتی و کاروباری سرگرمیوں اور ثقافتی ، ادبی ، تفریحی سرگرمیوں اور سماجی گہما گہمی میں مزید اضافہ کے لئے ترقیاتی کام وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں اس ضمن میں موجودہ حکومت شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں وفاق کے تحت 75 ارب روپے سے ترقیاتی کام کئے جائیں گے جن میں لیاری ایکسپریس وے منصوبہ مکمل ہوچکا ہے جبکہ گرین لائن ، K-IV ،M-9 اور دیگر ترقیاتی منصوبے مختلف مراحل میں ہیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ گذشتہ روز کراچی ترقیاتی پیکج کے تحت چار بڑے منصوبوں کا اعلان کردیا ہے ، ان منصوں میں 2.35 ارب روپے کی تخمینی لاگت سے تین فلائی اوورز سخی حسن ، فائیو اسٹار اور بورڈ آفس پر تعمیر کئے جا ئیں گے ،3.5 ارب روپے کی تخمینی لاگت سے منگھو پیر روڈ دو مراحل میں مکمل ہوگااور 860 ملین روپے کی تخمینی لاگت سے نشتر روڈ تعمیر کیا جائے گا جبکہ 1.9 ارب روپے سے شہر میں فائر فائٹنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا اس ضمن میں فائر فائٹنگ آلات ،فائر ٹینڈرز ، مشینیں اور گاڑیوں سمیت دیگر ضروری سامان سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے فائر ڈیپارٹمنٹ کو فعال کرنے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی کے لئے امن ، توانائی ،سماجی شعبہ کی ترقی اور انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر وفاقی حکومت بھرپور تعاون فراہم کررہی ہے تاکہ شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جا سکے ،شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو دور جدید کی سہولیات حاصل ہونگی ۔ ملاقات میں میئر کراچی وسیم اختر نے گورنرسندھ سے کہا کہ وفاق کے کراچی ترقیاتی پیکج میں شہر کی ترقی و خوشحالی کے ضمن میں انھیں بھرپو ر انداز میں شامل کرنے سے شہر کے دیرینہ مسائل حل اور عوام کو معیاری سہولیات حاصل ہونگی جس پر وہ گورنرسندھ کے شکر گذار ہیں ، وفاق کے تعاو ن سے شہر کی ترقی یقینی ہے ،شہر کے مکین وفاق کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور با الخصوص گورنرمحمد زبیر کی کوششوں کو قابل ستائش قرار دیتے ہیں ۔