مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و دہشت گردی کے خلاف کل ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی احتجاج کیا جائے گا

سب سے بڑا مظاہرہ کراچی پریس کلب کے باہر شام 5 بجے ہوگا، اس موقع پر کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی جائے گی

جمعرات 10 مئی 2018 23:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و دہشت گردی کے خلاف کل جمعہ 11مئی کو ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت کراچی میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ سب سے بڑا مظاہرہ کراچی پریس کلب کے باہر شام 5 بجے ہوگا، اس موقع پر کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی جائے گی۔

جماعة الدعوة نے علمائے کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ خطبات جمعہ میں بھارتی ظلم و دہشت گردی اور نہتے مسلمانوں کی نسل کشی کو موضوع بنائیں اورمودی سرکار کی ریاستی دہشت گردی سے عوام کو آگاہ کریں۔ جماعة الدعوة کراچی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کشمیر میں جاری قتل و غارت گری پر پاکستانی قوم کے بھی وہی جذبات ہیں جو کشمیریوں کے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ سفارتی سطح پر بھارتی ظلم و دہشت گردی کو بے نقاب کرنے کے لیے بھرپور مہم چلائے اور دنیا بھر میں اپنے سفارت خانوں کو متحرک کر کے انڈیا کا بھیانک چہرہ واضح کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کیلئے امیر جماعة الدعوة کے اپیل پر پورے ملک میں ضلعی سطح پر پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔ نماز جمعہ کے بعد ہر شہرمیں احتجاجی مظاہرے ہوں گے، ریلیاں نکالی جائیں گی اور شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں سے مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے۔