وزیرآباد،اے ایس پی آفس کے احاطہ میں تفتیش کیلئے آنے والے دو گروپوں میں تصادم،ایک فریق کے 7افراد زخمی

جمعرات 10 مئی 2018 23:09

وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) اے ایس پی آفس کے احاطہ میں تفتیش کے لئے آنے والے دو گروپوں میں تصادم،ایک فریق کے 7افراد زخمی ہوگئے دونوں گروپ 22اپریل کو موضع ککا میں ہونے والے قتل کی تفتیش کے سلسلہ میں احاطہ میں موجود تھے۔اے ایس پی بے بسی سے تمام منظر دیکھتے رہ گئے۔چند قدم کے فاصلے پر صدر پولیس نے مداخلت نہ کی۔

سٹی پولیس نے آکر ایک فریق کے افراد کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ احمد نگر کے علاقہ موضع ککا میں 18روز قبل بچوں کی لڑائی بڑوں تک پہنچ گئی جس کو معززین دیہہ نے صلح صفائی کروا دی۔کچھ دیر بعد ایک فریق کے دو نوجوان فرقان اور یاسر دیہہ کے بازار میں موجود تھے جن پر چار مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میںفرقان ولد محمد آصف جاں بحق اور یاسر ولد محمد ارشد زخمی ہو گیا۔

(جاری ہے)

مقتول پارٹی نے مخالف فریق کے تین نا معلوم افراد سمیت 7افراد کے خلاف تھانہ احمد نگر میں مقدمہ درج کر ا دیا۔ملزم پارٹی کا موقف ہے کہ ایک نوجوان نے فائر کیا جبکہ مدعی پارٹی نے بے گناہ افرادکو مقدمہ میں ملوث کیا ہے۔اسی سلسلہ میں اے ایس پی دوست محمد کے دفتر میں انکوائری ہو رہی تھی۔انکوائری کے بعد دونوں گروپوں کے کم و بیش 100افراد اے ایس پی آفس کے احاطہ میں موجود تھے جو ایک دوسرے کے ساتھ الجھ پڑے اور بات مار پیٹ تک پہنچ گئی۔

مدعی پارٹی کی حمائت مبشر چیمہ ایڈووکیٹ گروپ اور ملزم پارٹی کی جمشید چیمہ ایڈووکیٹ کر رہے تھے جو احاطہ میں آمنے سامنے ہو گئے۔ لڑائی کے نتیجے میں جمشید چیمہ پارٹی کے سات افراد جمشید چیمہ ایڈووکیٹ، محمد شہبازچیمہ ولد محمد انور۔ اعجاز احمد ولد محمد علی، شہزاد انورولد محمد انور، طارق محمود ولد محمد صالح، افضال انور ولد محمد انور، ذوالفقار ولد لال دین زخمی ہو گئے۔

دونوں گروپوں کی لڑائی کو اے ایس پی بے بسی سے دیکھتے رہے جبکہ صدر تھانہ چند میٹر کے فاصلے پر تھا۔صدر پولیس نے کہہ کر مداخلت سے انکار کر دیاکہ یہ سٹی پولیس کا علاقہ ۔ بعد ازاں سٹی پولیس کو مطلع کیا تو ان کی نفری نے موقع پر پہنچ گئی۔ اس وقت تک مبشر چیمہ گروپ وہاں سے جا چکا تھا۔ پولیس نے مضروب پارٹی کے موقع پر موجود افراد کو حراست میں لے کر تھانہ سٹی پہنچا دیا۔زخمیوں مقامی ہسپتال میں طبی معائنہ بھی کرایا گیا۔