اسلامی یونیورسٹی میں عقیدہ کی ترویج کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد

مسلم دنیا کی ترقی اور استحکام میں اسلامی جامعات کا کردار کلیدی ہے، سعودی عرب اسلام کے پیغام امن کی ترویج کے لیے پر عزم ہے اور اس ضمن میں جملہ اداروں اور جامعات کو بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا، سعودی سفیر نواف المالکی

جمعرات 10 مئی 2018 23:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے کلیہ اصول الدین کے زیر اہتمام’’ عقیدہ کی ترویج و اشاعت میں جامعات کا کردار اور وحدت امت پر اس کے اثرات ‘‘ کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجس میں سعودی سفیر نواف المالکی بطور مہمان خصوصی نے شرکت کی۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف المالکی نے کہا کہ مسلم دنیا کی ترقی اور استحکام میں اسلامی جامعات کا کردار کلیدی ہے، سعودی عرب اسلام کے پیغام امن کی ترویج کے لیے پر عزم ہے اور اس ضمن میں جملہ اداروں اور جامعات کو بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔

سعودی سفیر نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کے ذہن میں مذہب سے متعلق غلط فہمیوں کے تدار ک پر خصوصی توجہ دیں۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر جامعہ ڈاکٹر احمد الدریویش نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی وحدت امت کی بہترین مثال ہے جہاں تقریباً تمام اسلامی ممالک کے طلباء و اساتذہ موجود ہیں۔ انہوں نے کانفرنس کے موضوع کو اہم قرار دیتے ہوئے اس کے انعقاد پر اسلامی یونیورسٹی اور امام محمد بن سعود یونیورسٹی سعودی عرب کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی ۔

کانفرنس سے مسلم ورلڈ لیگ کے علاقائی ڈائریکٹر عبدہ عتین نے اظہار خیال کیا اور کہا کہ کانفرنس کا انعقاد ایک عظیم فریضہ ہے جس میں اہم موضوعات پر بحث کی گئی ہے۔ قبل ازیں ڈین کلیہ اصول الدین ڈاکٹر ہارون الرشید نے اپنے خطاب میں کانفرنس کے اغراض و مقاصد بارے آگاہ کیا۔ کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین ، سکالرز، محققین ، اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔