رمضان المبارک کے احترام کو یقینی بنانے اور عوام الناس کی سہولت و اشیائے خوردنوش کی سستے داموں ہر جگہ فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کریں، متحدہ مجلس عمل کا مطالبہ

جمعرات 10 مئی 2018 23:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی و متحدہ مجلس عمل پاکستان لیاقت بلوچ نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے احترام کو یقینی بنانے اور عوام الناس کی سہولت و اشیائے خوردنوش کی سستے داموں ہر جگہ فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کریں اور اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں کم از کم تیس فیصد رعایت دی جائے۔

رمضا ن المبارک میں عام آدمی کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے منصورہ میں منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہو شربا اضافے سے عام آدمی کی مشکلات بڑھ جاتی ہیں اور غریب روزہ دار کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریڑھی بان،چھابڑی والے،سبزی و فروٹ کھجور اور دیگر اشیاء کے سٹال ہولڈرز کا کسی صورت بھی سامان ضبط نہ کیاجائے بلکہ قانون کے مطابق اسے تنبیہ کی جائے ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہر یونین کونسل میں کم از کم دو رمضان بازار کھولے جائیں اور ان بازاروں میں اشیاء کی رعایتی نرخو ں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ہر سال یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے سبسڈی دینے کے بڑے دعوے کرتی ہے مگر عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملتا۔امسال وفاقی کابینہ اشیائے خوردو نوش پر کم از کم پندرہ ارب روپے کی سبسڈی کا اعلان کرے اور یقینی بنایا جائے کہ یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء معیاری ہوں اور عوام کو قطاروں میں لگ کر دھکے نہ کھانے پڑیں اور سار سارا دن انتظار کے بعد خالی ہاتھ واپس گھروں کو نہ جانا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے موثر اور مربو ط نظام بنائے جائے اور تاجروں اور صنعت کاروں کو از خود قیمتیں کم کرنے کی ترغیب کی دی جائے۔برانڈڈکمپنیز رمضان کے احترام میں قیمتوں میں خصوصی کمی کااعلان کریں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت رمضان المبارک میں بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے اور کم از کم رمضان کے دوران عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا نہ کرے۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ عام راستوں سیمنا گھروں کی دیواروں پر آویزاں فحش اور غیر اخلاقی پوسٹرز رمضان کے تقد س کو پامال کرنے کا باعث بنتے ہیں۔لہذا ایسے غیراخلاقی پوسڑز اور سائن بورڈز پر پابندی لگائی جائے اور شیشہ سنٹرز اور اسی نوعیت کے دیگر نشہ سنٹروں کو فوری بندکیاجائے اور غیر اخلاقی ،فحش آڈیو ،ویڈیو فلموں اور گانوں کی خرید وفروخت اور نمائش کا کاروبار کرنے والی دکانوں کو رمضا ن المبارک میں بند رکھا جائے۔الیکٹرانک میڈیا سے رمضان المبارک کے پروگرامات ہی نشر کیے جائیں اور وفاقی و صوبائی حکومتیں ملک بھر میں ایک ہی دن عید الفطر منائے جانے کو یقینی بنائیں تاکہ قومی یکجہتی اور اسلامی وحدت کا عظیم الشان مظاہر ہ ہو ۔