Live Updates

شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو نواز بیانیے سے دور رہنے کی ہدایت کر دی

شہباز شریف کی اراکین پارٹی کو متعدل رہنے اور نواز شریف کو کُول ڈاؤن کرنے کی ہدایات

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 12 مئی 2018 12:27

شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو نواز بیانیے سے دور رہنے کی ہدایت کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 مئی 2018ء) : وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پارٹی اراکین کو پارٹی قائد نواز شریف کے بیانیے سے دور رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے پنجاب ہائوس اسلام آباد میں وفاقی وزرا اور اراکین قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔

شہباز شریف نے ملاقات کرنے والے ساتھیوں کو پارٹی قائد نواز شریف کے بیانئے سے دور رہنے کا مشورہ دیا۔ اراکین اسمبلی اور وفاقی وزرا کو کہا گیا کہ وہ معتدل رہیں اور دوسرے ساتھیوں کو بھی متوازن پالیسی پر عمل پیرا ہونے کے لیے کہیں۔ جن اراکین اسمبلی کی ملاقات نواز شریف کے ساتھ ہو وہ انہیں بھی کُول ڈائون ہونے کا مشورہ دیں، ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے صدر سے ملاقات میں صرف ان افراد کو مدعو کیا گیا تھا جو نواز شریف سے کسی نہ کیس بات پر اختلاف رائے رکھتے یا کسی بھی معاملہ پرتحفظات کا شکار رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی سے کہا گیا ہے کہ ہمارا بیانیہ وہی ہے جو چودھری نثار علی خان کا بیانیہ ہے۔ خیال رہے کہ پانامہ لیکس کیس میں سپریم کورٹ سے نا اہلی کے بعد نواز شریف کو وزارت عظمیٰ اور پارٹی صدارت سے ہاتھ دھونا پڑا۔ جس کے بعد نواز شریف اور ان کے قریبی ساتھیوں نے عدلیہ مخالف بیانات دئے اور ملکی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

اس معاملے پر پارٹی کےکئی رہنمائوں نے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے بیانیے سے اختلاف کیا ، یہی وجہ تھی کہ چودھری نثار علی خان نے بھی اپنے اختلاف کا اظہار کیا جس کے بعد پارٹی قیادت نے چودھری نثار علی خان کو پارٹی اجلاس میں مدعو کرنا چھوڑ دیا اور چودھری نثار علی خان بھی نواز شریف کے بیانئے سے اختلاف کرتے ہوئے پارٹی معاملات سے علیحدہ ہو گئے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات