امریکی ملٹری اتاشی کی بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی

کرنل جوزف کا نام بلیک لسٹ میں موجود ہے، بیرون ملک جانے نہیں دیا جاسکتا ،ْ ایف آئی اے حکام

ہفتہ 12 مئی 2018 17:32

امریکی ملٹری اتاشی کی بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستانی نوجوان کو گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق کرنے کے معاملے میں مبینہ طور پر ملوث امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو امریکہ کی جانب سے اسلام آباد میں کرنل جوزف کو لینے کیلئے سی 130 طیارہ بھیجا گیا تھا تاہم وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) نے وقت پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں باہر جانے سے روک دیا۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ کرنل جوزف کا نام بلیک لسٹ میں موجود ہے، لہٰذا انہیں بیرون ملک جانے نہیں دیا جاسکتا۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے کرنل جوزف کے پاسپورٹ کو تحویل میں لے لیا گیا ،ْ ان کے ساتھ آنے والے دیگر افراد کو بھی واپس بھیج دیا گیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 7 اپریل کو اسلام آباد میں تھانہ کوہسار کے علاقے میں امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔

واقعہ کے بعد اسلام آباد پولیس نے امریکی سفارت خانے کی گاڑی کو تھانہ کوہسار منتقل کیا تھا تاہم سفارتی استثنیٰ کے باعث ملٹری اتاشی جوزف کو گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔دوسری جانب مقتول عتیق بیگ کے والد کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی کہ امریکی ملٹری اتاشی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کیا جائے جس پر عدالت کی جانب سے وزارت داخلہ کو معاملہ دیکھنے کی ہدایت کی گئی تھی، بعد ازاں وزارت داخلہ نے ایک رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں بتایا کہ کرنل جوزف کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے اور اب وہ بیرون ملک نہیں جاسکتے۔

بعد ازاں گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے فیصلہ دیا گیا تھا کہ امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق وزارت داخلہ 2 ہفتوں میں فیصلہ کرے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے اپنے فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ملزم کرنل جوزف کو مکمل سفارتی استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔