رمضان المبارک کے دوران امن و امان کو بر قرار رکھنے کیلئے ممبران امن کمیٹی کی تجاویز پر عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 12 مئی 2018 23:24

اوکاڑہ۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) ضلع میں مثالی امن و امان کے قیام اور ہم آہنگی کی فضا کو پروان چڑھانے میں ضلعی امن کمیٹی کے اراکین ضلع کے عوام اور سرکاری اداروں کی مشترکہ کاوشوں اور حسن تدبیر سے کلیدی کردار ادا کیا ہے‘ ہمارا اتفاق و اتحاد اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پورے ملک کے لئے قابل تقلید مثال رہا ہے اور مستقبل میں بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت سے امن و محبت ،بھائی چارے کو فروغ حاصل ہو گا۔

ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد ،ڈی پی او حسن اسد علوی اور اراکین امن کمیٹی نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس سے مولانا عبد المنان عثمانی ،ظفر اللہ قمر لکھوی ،حبیب اللہ چوراہی ،مولانا حافظ عبد السمیع اوکاڑوی ،صدر انجمن تاجران چوہدری سلیم صادق ،صدر سبزی منڈی چوہدری محمد اشرف ،چیئرمن میونسپل کمیٹی منڈی احمد آباد مرزا ناظم بیگ نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ضلعی امن کمیٹی کے امن کے قیام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران ضلع اور تحصیل کی سطح پر امن و امان کی صورتحال کو بر قرار رکھنے کے لئے ممبران کی تجاویز پر سو فیصد عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ضلع اور تحصیل کی سطح موثر ربط و رابطہ کے لئے کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں تحصیل اور تھانہ کی سطح پر امن کمیٹیوں کو متحرک کیا گیا ہے اور کسی بھی ایمرجنسی سے نپٹنے کے لئے تمام سرکاری اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں سحر و افطار کے وقت بجلی اور سوئی گیس کی بلا تعطل فراہمی کے لئے بھی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔

ڈی پی اوحسن اسد علوی نے رمضان المبارک کے دوران مساجد کی سیکیورٹی کے لئے کئے گئے اقدامات سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ رضاکاروں اور مساجد کمیٹیوں کے اراکین بھی سیکیورٹی کے سلسلہ میں اہلکاروں کی معاونت کریں گے انہوں نے کہا کہ سحر و افطار اور نماز تراویح کے اوقات میں پولیس کے اہلکار پوری ذمہ داری سے ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔