Live Updates

ْپانامہ لیکس حکمرانوں کے گلے کا طوق ،(ن) لیگ اس کے بوجھ تلے دب کر رہ گئی ہے ‘ فواد چوہدری

عمران خان کی جدوجہد نے ملک کی سمت کا تعین کر دیا ،(ن) لیگ ، پی پی اس کا رخ نہیں موڑ سکتے‘ مرکزی سیکرٹری اطلاعات

اتوار 13 مئی 2018 15:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیانیے کو خود ان کی اپنی جماعت میں پذیرائی نہیں مل سکی اور اس معاملے پر پارٹی کے اندر مرکزی سطح پر وسیع تقسیم پائی جاتی ہے ،پانامہ لیکس حکمرانوں کے گلے کا طوق بن گیا ہے اور (ن) لیگ اس کے بوجھ تلے دب کر رہ گئی ہے ۔

ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ اگر شریف خاندان کے ہاتھ صاف ہوتے تو مزاحمت کی بجائے اداروں سے تعاون کیا جاتا ۔

(جاری ہے)

عوام کے نام پر ووٹ لے کر آنے والوں نے صرف اپنے خاندان اور چند درباریوں اور حواریوں کا سوچا جس کی وجہ سے ملک تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں کی جانب گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد نے ملک کی سمت کا تعین کر دیا ہے اور سیاسی پارٹنرز (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی جتنا مرضی زور لگا لیں اب وہ اس کا رخ نہیں موڑ سکتے ۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عوام حکمرانوں او ر ان کی مفاد پرستی پر مبنی پالیسیوں سے تنگ آ چکے ہیں اور ان سے چھٹکارہ پانے کیلئے آئندہ عام انتخابات کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں ۔ انشااللہ اب ملک میں عوام کی حکومت قائم ہوگی اور عمران خان کی جانب سے دئیے گئے گیار ہ نکات کے مطابق ملک کو آگے لے کر جایا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات