ایم ایم اے کے جلسے میں عوام کی بھرپور شرکت نے دینی جماعتوں کی مقبولیت ثابت کر دی ہے، شاہ محمد اویس نورانی

پیر 14 مئی 2018 20:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے مرکزی ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کے جلسے میں عوام کی بھرپور شرکت نے دینی جماعتوں کی مقبولیت ثابت کر دی ہے۔ متحدہ مجلس عمل کے جلسے کی کامیابی نے سیکولر قوتوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ اسلام پرستوں کی طاقت سے ٹکرانے والا پاش پاش ہو جائے گا۔

اسلام آباد میں اسلام کا جھنڈا لہرانے کا وقت قریب ہے۔ کتاب کا نشان کامیابی کا نشان ہے۔ اسلام پسند عوام کی حمایت سے انتخابی معرکہ جیتیں گے۔ ایم ایم اے کے جلسے نے فرقہ واریت کو دفن کر دیا ہے۔ ہمارا جلسہ اتحاد بین المسلمین کا عملی مظاہرہ تھا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ملک بھر سے آئے ہوئے جے یو پی کے عہدیداران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ مسلم ممالک میں بہنے والے خون کے پیچھے امریکی وردی ہے۔ اسلامی دنیا بیرونی مداخلتوں کی وجہ سے لہولہان ہے۔ امریکہ اور بھارت مل کر پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ اس وقت ملک کو انتشار نہیں اتحاد کی ضرورت ہے۔ الزام تراشی کی سیاست ریاست کے لئے زہر قاتل ہے۔ ممبئی حملوں کا ماسٹر مائنڈ خود بھارت ہے۔ بھارت نے ممبئی حملوں کی تحقیقات کے لئے پاکستان کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔ شاہ اویس نورانی نے کہا کہ سیاست میں انتہا پسندانہ رحجانات قومی المیہ ہے۔ سیاسی انتہا پسندی کا عفریت بے قابو ہو رہا ہے۔ اعتدال پسندی کا فقدان اور انتہا پسندی کا فروغ معاشرے کے لئے زہر قاتل ہے۔ سب کو اخلاقی دائرے میں رہنا ہو گا۔