چکوال،سردار گروپ کے سربراہ سابق صوبائی وزیر سردار غلام عباس کا مسلم لیگ ن سے علیحدگی کا اعلان

میاں نواز شریف کے ملک دشمن بیان اور انٹر ویو کے بعد ایک پاکستانی ہونے کی حیثیت سے میرا ضمیر مسلم لیگ ن کیساتھ بیٹھنا گوارانہیں کرتا، سردار گروپ کے سربراہ کا پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 14 مئی 2018 22:41

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2018ء) ضلع چکوال کی سب سے بڑی انتخابی اور سیاسی قوت سردار گروپ نے مسلم لیگ ن سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔ پیر کی شام کو بلکسر سیکرٹریٹ میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار گروپ کے سربراہ سابق صوبائی وزیر سردار غلام عباس نے مسلم لیگ ن سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے ملک دشمن بیان اور انٹر ویو کے بعد ایک پاکستانی ہونے کی حیثیت سے میرا ضمیر مسلم لیگ ن کیساتھ بیٹھنا گوارانہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے مسلم لیگ ن سے علیحدگی کا فیصلہ آج صبح ساڑھے چھ بجے بغیر اپنے ساتھیوں کی مشاورت سے کیا کیونکہ عام انتخابات کا بگل بجنے والا ہے اور مسلم لیگ ن میں رہ کر عوام کا سامنا کرنے کی میرے پاس نہ سکت ہے اور نہ حوصلہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع چکوال شہیدوں اور غازیوں کا ضلع ہے اور مادر وطن کے دفاع میں یہاں کے ہزاروں شہیدوں نے اپنا خون دیا ہے اور میاں نواز شریف کا بیان ان شہیدوں کے خون کیساتھ غداری ہے۔

سردار غلام عباس نے مزید کہا کہ ہم اب آزاد حیثیت کیساتھ آنے والے الیکشن میں میدان میں موجود ہیں۔ سیاسی جماعتوں کو بندوں کی ضرورت ہے اور فیصلہ ضلع چکوال کے عوام کے مفاد میں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ہم نے آزاد حیثیت میں لڑے ہیں اور بلدیاتی اداروں میں ہمارے ساتھیوں کی پوزیشن اب آزاد حیثیت میں ہوگی۔ اس موقع پر سردار غلام عباس نے جب مسلم لیگ ن سے علیحدہ ہونے کا اعلان کیا تو وہاں پر موجود سردار گروپ کے بلدیاتی چیئرمینوں ، وائس چیئرمینوں اور کونسلرز نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے سردار غلام عباس زندہ بادکے نعرے لگائے۔

اس موقع پر سابق تحصیل ناظم سردار آفتاب اکبر، راجہ عرفان شہزاد دھروگی، امیر بٹ ایڈووکیٹ، چیئرمین حاجی گلستان خان، چیئرمین چوہدری سرفراز خان، چیئرمین ملک مظفربشارت، ملک غلام حُر،چیئرمین راجہ سکندر،چیئرمین چوہدری غضنفر علی خان بھیں، چیئرمین چوہدری ارشد نذر چک ملوک، چوہدری امتیاز کرسال، چوہدری یوسف تھوہا بہادر، کونسلر چوہدری خان بہادر ، چوہدری افتخار احمد میاں الیکٹرانک، سید شاہد حسین کاظمی ایڈووکیٹ کے علاوہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔