الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران کی تربیت کا آغاز (کل) سے ہوگا

پیر 14 مئی 2018 22:47

اسلام آباد۔ 14 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کی باقاعدہ تربیت کا آغاز (کل) منگل سے پشاور اور کوئٹہ میں شروع کیا جارہا ہے۔ 16 مئی سے پنجاب ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تربیت کا آغاز ہوگا جبکہ 17 مئی سے سندھ کے ریٹرننگ افسران کی تربیت کا آغاز ہوگا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق منگل کو کے پی کے اور بلوچستان کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تربیت کے آغاز کے موقع پر افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی جسٹس ارشاد قیصر اور جسٹس شکیل احمد بلوچ ہوں گے۔ 16 مئی کو پنجاب کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تربیت لاہور میں شروع ہوگی جس کے افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا ہوں گے۔

(جاری ہے)

اسی روز کراچی میں سندھ کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تربیت کا آغاز ہوگا جس کے مہمان خصوصی عبدالغفار سومرو ہوں گے۔ ٹریننگ کا یہ عمل مئی 2018ء کے آخر تک جاری رہے گا اس دوران 133 اضلاع کے ریٹرننگ افسران اور 849 ریٹرننگ افسران کو تربیت دی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تربیت ایک روزہ جبکہ ریٹرننگ افسران کی تربیت تین روزہ ہوگی۔ اس میں ان کو نئے انتخابی قانون اور رزلٹ مینجمنٹ کی تربیت دی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران سے صوبائی الیکشن کمشنر نئے قانون کے سیکشن 56 کے تحت ان سے غیر جانبداری کا حلف لیں گے۔