Live Updates

تحریک انصاف کی عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے اب عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہورہے ہیں ،محمدعاطف خان

پیر 14 مئی 2018 23:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے اب عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہورہے ہیں ۔ ہماری تمام ترجیحات اور پالیسیاں غریب عوام کیلئے ہیں۔ عوام نے حقیقی تبدیلی کی ایک جھلک خیبر پختونخوا میں دیکھ لی ہے اور انشاء اللہ 2018میں الیکشن جیت کر تبدیلی اور کامیابی کے اس سفر کو پورے ملک تک وسعت دیں گے۔

وہ بخشالی مردان نرشک محلے میں شمولیتی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر لطیف ، مثل خان ، نواز شاہ اور شاہ جہان اپنے خاندانوں اور درجنوں ساتھیوں سمیت مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ عوام باشعو ر ہیں اور اب ان کرپٹ پارٹیوں کے کھوکھلے نعروں میں آنیوالے نہیں ۔

(جاری ہے)

ان کو پتہ ہے کہ عمران خان ہی حقیقی معنوں میں اس ملک کو کامیاب کراسکتا ہے ۔

عوام کو پتہ ہے کہ عمران خان نے نہ صرف خیبر پختونخوا کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا بلکہ حقیقی معنوں میں اسلام کی خدمت بھی کی ۔ کیونکہ اسلام کے نام پر اسلام آباد کے مزے لوٹنے والوں نے اسلام کی کوئی خدمت نہیں کی تھی۔ عمران خان نے اس پورے صوبے میں قرآن شریف کا ناظرہ اور ترجمہ لازمی کیا ، آئمہ کرام کے لئے وظیفہ مقرر کیا، سود کے خلاف نہ صرف قانون سازی کی بلکہ سارے صوبے کے ساڑھے چار ہزار مساجد میں سولرائزیشن بھی کی ، یہی اسلام کی حقیقی خدمت ہے جو صرف پاکستان تحریک انصاف کررہی ہے ۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ عوام ہمارے پارٹی لیڈر کی سابقہ کامیابیوں ، اس ملک کے لئے خدمت اور بے داغ ماضی کو دیکھ کر ووٹ کا استعمال کریں ، اسکے ساتھ ہمارے امیدوار اور ہماری موجودہ صوبائی حکومت کی باقی تمام حکومتوں کی کارکردگی کیساتھ موازنہ کریں اگر حالات بہتر پائیں تو پھر عمران خان کو ضرور سپورٹ کریں تاکہ ہماری آنیوالی نسلوں کو ایک کامیاب اور روشن مستقبل مل سکے ۔

انہوں نے کہا سال 2013میں عمران خان کے ووٹرز اور سپورٹرز صرف نوجوان تھے اب ہر عمر اور ہر مکتبہ فکر کے لوگ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں اور یہ زیادہ تر وہی لوگ ہیں جو سمجھ بوجھ والے ہیں پاکستان کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اور باشعور ہیں ۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا گیا ہے ۔ ہمار ا یہ آپ لوگوں پر کوئی احسان نہیں ہے یہ آپ لوگوں کا حق ہے بس فرق صرف اتنا ہے کہ جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں سب میرٹ پر ہیں اور ای ٹینڈر کے ذریعے ٹھیکے دئیے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سابقہ کرپٹ سسٹم کا مکمل طور پر خاتمہ کردیا ہے وہ دور اب گزر گیا ہے جہاں سب کچھ بکتا تھا ، حقدار کو اپنے جائز حق کیلئے رشوت دینی پڑتی تھی ۔ اب ہر چیز میرٹ پر ہے ۔ لوگوں کو روزگار میرٹ پر مل رہا ہے اور ان کو صحت کی بہترین سہولیات سرکاری ہسپتالوں میں مل رہی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات