قومی اسمبلی اجلاس: فلسطینیوں پراسرائیلی مظالم کیخلاف قرارداد مذمت متفقہ طور منظور

ایوان نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے 92مطالبات زر کی منظوری دے دی

منگل 15 مئی 2018 18:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) قومی اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے بانوے مطالبات زر کی منظوری دے دی۔ مطالبات زر وزیر خزانہ مفتا ح اسماعیل نے پیش کئے۔۔ان مطالبات زر پر کٹوتی کی کوئی تحریک سامنے نہیں آئی۔ اجلاس میں دو سو سینتس کھرب بیتس ارب چودہ کروڑ ستانوے لاکھ روپے سے زائد کے غیر تصویبی اخراجات منظور کئے گئے۔

سینٹ کی بیالیس بجٹ سفارشات کی کلی اور جزوی طور پر منظوری بھی دی گئی۔ ایوان میں فلسطینیوں پراسرائیلی مظالم کیخلاف قرارداد مذمت متفقہ طور منظور کر لی گئی۔قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر قومی اسمبلی میں جاری بحث سمیٹتے ہوئے برآمدات میں اضافے کے لئے نئے برآمدی پیکج کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے زراعت کی ترقی کے لئے کسانوں کو مزید مراعات دینے ، سرکاری ملازمین کے کنوینس الاؤنس میں اضافے سمیت آئی ٹی کے شعبے پر عائد ٹیکس میں کمی کے اعلانات بھی کئے۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سینٹ کی مجموعی طور پر 42 سفارشات کی کلی اور جزوی طور پر منظوری دی جا رہی ہے،مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پانچ سالوں میں حکومت نے 12230 میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیا۔

گردشی قرضوں کا سلسلہ ختم کرنے کے لئے اقدامات کئے اور آنے والے دو ہفتوں میں گردشی قرضے مزید کم کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کم آمدن والوں کے لئے 25 لاکھ روپے تک کے مکان کی تعمیر کرنے والے بلڈرز پر ٹیکس میں 50 فیصد کمی کی جارہی ہے۔ نان فائلر پر 40 لاکھ روپے تک کی جائیداد خریدنے کی حد کو بڑھا کر 50 لاکھ کی جارہی ہے۔

مقامی ماچس سازی کی صنعت کے لئے سیلز ٹیکس کے استثنیٰ کا اعلان کیا جارہا ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے۔اجلاس میں مظلوم فلسطینوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ تحریک انصاف کی ڈاکٹر شیری مزاری نے ایوان میں قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیاہے کہ قومی اسمبلی امریکی سفارتخانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی اورقابض صہیونی افواج کے نہتے فلسطینیوں پرمظالم کی مذمت کرتی ہے۔عالمی برادری فلسطینیوں کے قتل عام کا نوٹس لے۔مسلم لیگ نون کے ریٹائرڈ کیپٹن محمد صفدر کی ہزارہ ایئرپورٹ کی تعمیر کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈز جاری کرنے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔طارق ورک