کراچی، ماہ رمضان المبارک کے دوران500 سٹی وارڈنز ٹریفک پولیس کی مدد کے لئے اہم مقامات پر تعینات کئے جائیں گے، وسیم اختر

رمضان المبارک کے انتظامات کیلئے مختلف شہری محکمے فوکل پرسن نامزد کریں تاکہ باہمی رابطے میں آسانی رہے، واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک شہریوں کو پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے،میئر کراچی

منگل 15 مئی 2018 21:47

کراچی، ماہ رمضان المبارک کے دوران500 سٹی وارڈنز ٹریفک پولیس کی مدد کے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران500 سٹی وارڈنز ٹریفک پولیس کی مدد کے لئے سڑکوں، شاپنگ سینٹرز، مساجد اور تراویح کے مقامات پر تعینات کئے جائیں گے مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد سٹی وارڈنز رمضان کے دوران شہریوں کو سہولت فراہم کریں گے ۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک کے انتظامات کیلئے مختلف شہری محکمے فوکل پرسن نامزد کریں تاکہ باہمی رابطے میں آسانی رہے، واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک شہریوں کو پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے تاکہ روزے داروں کو کسی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، سڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے تجاوزات ہٹائی جائیں اور چارجڈ پارکنگ کے نظام کو موثر بنایا جائے، کار ڈیلرز اور شو رومز مالکان کو پابند بنایا جائے کہ فٹ پاتھ اور سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی نہ کریں، رمضان کے دوران ٹریفک پولیس اور سٹی وارڈنز زیادہ تعداد میں سڑکوں پر نظر آئیں تاکہ لوگوں میں اچھا پیغام جائے اگر اس ایک ماہ کے دوران ایمانداری سے عوام کو سہولت فراہم کریں تو یہ شہر کی بڑی خدمت ہوگی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی صبح اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس کے دوران رمضان المبارک میں سڑکوں اور شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے بنائے گئے پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اس موقع پر چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور، وائس چیئرمین بلدیہ وسطی سید شاکر علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ویسٹ سمیع اللہ خان، ایس ایس پی سائوتھ ٹریفک عبداللہ احمد،ایس ایس پی ویسٹ آصف احمد، ایس ایس پی کورنگی ذوالفقار مہر،ایس پی ٹریفک صدر توقیر نعیم ،ڈی ایس پی جمشید ٹائون رحیم شاہ، ڈی ایس پی گلبرگ وجاہت حسین، ڈی آئی جی سائوتھ کے نمائندے شیراز نذیر، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ٹو میئر ایس ایم شکیب، سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی، ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ عبدالخالق اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ شہر کے مختلف اضلاع میں ایسے مقامات کی نشاندہی کی جائے جہاں رمضان کے دوران ٹریفک جام رہنے کی شکایات آتی ہیں، خاص طور پر کاروباری مراکز کے اطراف خصوصی توجہ دی جائے اور کسی بھی قسم کی تجاوزات سڑکوں کے گرد قائم نہ ہونے دی جائیں، ٹریفک پولیس رمضان کے مہینے میں طارق روڈ، صدر، حیدری، لیاقت آباد، واٹر پمپ، کریم آباد، سخی حسن اور دیگر مقامات پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے، انہوں نے ہدایت کی کہ نمازیوں کی سہولت کے لئے مساجد اور تراویح کے مقامات پر اسٹریٹ لائٹس روشن رہنی چاہئیں، متعلقہ محکمہ اس سلسلے میں فوری اقدامات کرے ، انہوںنے کہا کہ تمام اضلاع اپنے اپنے علاقے کی ضروریات سے آگاہ کریں تاکہ رمضان کے دوران وہاں سٹی وارڈنز اور دیگر عملے کی تعیناتی کی جاسکے، رمضان المبارک میں چارجڈ پارکنگ کے شعبے کو زیادہ فعال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ غلط پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک جام کے مسائل پیدا نہ ہوں، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں اہم سڑکوں ، شاہراہوں ، شاپنگ سینٹرز ، مساجد ، نماز ترویح کی جگہوں پر سٹی وارڈنز تعینات کئے جائیں گے جبکہ افطار اور ترویح کے اوقات میں اہم مساجد کے قریب شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے اور انہیں ہر طرح کی معاونت مہیا کرنے کے لئے سٹی وارڈنز دستیاب ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران سٹی وارڈنز کی سڑکوں اور دیگر مقامات پر تعیناتی کا مقصد بہتر ٹریفک مینجمنٹ اور وہیکل پارکنگ کو یقینی بناتے ہوئے ٹریفک کیلئے کھلا اور ہموار راستہ بنانا ہے تاکہ ٹریفک میں خلل پڑنے اور غلط پارکنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل سے شہریوں کو بچایا جائے، انہو ںنے شہریوں سے اپیل کی کہ سٹی وارڈنز سے تعاون کریں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور غلط مقامات پر پارکنگ سے گریز کریں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی پوری کوشش ہے کہ رمضان المبارک میں شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں دیگر متعلقہ ذمہ داراداروں سے مستقل رابطے میں ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو بلدیاتی سہولیات بہتر طریقے سے فراہم کی جاسکیں۔