سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات و قومی تاریخ و ادبی ورثہ کا اجلاس

منگل 15 مئی 2018 22:21

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات و قومی تاریخ و ادبی ورثہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاویدکی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات اور پاکستان ٹیلی ویژن کے کام کے طریقہ کار اور کارکردگی کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اطلاعات شفقت جلیل نے کمیٹی کو وزارت کے مینڈیٹ اور قوانین اور ماتحت اداروں بارے بھی تفصیل سے آگاہ کیا ۔

پی ٹی وی نیوز اور دیگر پی ٹی وی چینلز کے بارے میں کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پی ٹی وی پر وفاق اور تمام صوبوں کو برابر نمائندگی ملنی چاہیے۔ چیئرمین کمیٹی نے کوریج کے تناسب کے حوالے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ قائمہ کمیٹی کو بتایا جائے کہ گزشتہ ایک سال میں کیا تناست رہا ہے۔

(جاری ہے)

رکن کمیٹی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ پی ٹی وی پر علاقائی، خواتین اور بچوں کے پروگرام نہ ہونے کے برابر ہیں۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پی ٹی وی ایک بڑا ادارہ ہے اور اس میں آمدن بڑھانے کے متعدد شعبے موجود ہیں، یہ عوام کے ٹیکس پر چلایا جارہا ہے، اس چینل کو عوامی ایشوز کو موثر وقت دینا ہوگا۔ قائمہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ آئندہ 10دن کے اندر کمیٹی کا اجلاس طلب کرکے تمام امور کا الگ الگ جائزہ لیا جائے گا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز ڈاکٹر غوث محمد نیازی ، محمد طاہر بزنجو، روبینہ خالد ، مشتاق احمد کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اطلاعات ونشریات ، سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن، ڈائریکٹر پیمرا، ڈی جی آئی پی و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔