کراچی ،ْ نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں اندھے دہرے قتل کے الزام میں گرفتار دو ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

بدھ 16 مئی 2018 17:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی نے نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں اندھے دہرے قتل کے الزام میں گرفتار دو ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کے روبرو پولیس نے نارتھ ناظم آباد میں ہونے والے دہرے قتل کے الزام میں گرفتار ملزمان عرب گل اور زاہد کو پیش کیا ۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ 6 روز قبل نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں واقع ایک گھر میں فائرنگ سے نسرین اور رابعہ نامی دو لڑکیاں جاں بحق ہوئی تھیں ۔

گرفتار ملزمان میں سے ایک رابعہ کا والد جبکہ دوسرا کزن ہے ۔ واردات کے بعد پولیس نے اہلخانہ کو شامل تفتیش کیا ۔ اہل خانہ قتل کو خودکشی قرار دے رہے تھے لیکن پولیس نے دونوں ملزمان کو متعدد بیانات کے شبے میں گرفتار کیا ۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر کا مزید کہنا تھا کہ قتل کی تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ رابعہ کے والد کو اس پر یہ شک تھا کہ اس کا اپنی استانی نسرین کے بھائی سے چکر ہے ۔

شک کی بنا پر رابعہ کے والد نے نسرین کو بھی گھر کو بلایا اور دونوں کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا ۔ تفتیشی افسر کے مطابق پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں سے بھرے دو میگزین بھی ملے ۔ تفتیشی افسر نے ملزمان سے تفتیش کے لیے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ۔ عدالت نے تفتیشی کی استدعا پر ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ۔