بحرانی حالات ، خام تیل کی قیمت چار سال بعد سب سے اونچی سطح پر

جمعہ 18 مئی 2018 13:20

پیرس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) دنیا کے مختلف خطوں میں پائے جانے والے بحرانی حالات کے باعث خام تیل کی فی بیرل قیمت بڑھ کر اب 80 ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ ملٹی نیشنل تیل کمپنی ٹوٹل کے سربراہ کے مطابق اس قیمت کا 100 ڈالر ہو جانا حیران کن نہیں ہو گا۔عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں اس بہت زیادہ حالیہ اضافے کی کئی وجوہات ہیں۔

ان میں امریکی صدر ٹرمپ کا ایران کے ساتھ جوہری ڈیل سے واشنگٹن کے اخراج کا فیصلہ بھی شامل ہے، مشرق وسطیٰ کی عمومی صورت حال بھی، سعودی عرب کی قیادت میں خلیج کے علاقے میں پایا جانے والا قطر کا تنازعہ بھی اور جنوبی امریکا میں وینزویلا جیسے بڑے برآمد کنندہ ملک میں تیل کی پیداوار میں بہت زیادہ کمی بھی۔اس بارے میں بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے خبردار کر دیا تھا کہ مجموعی بے یقینی کے ساتھ ساتھ ان تنازعات اور بحرانوں کے باعث آئندہ دنوں میں عالمی منڈیوں میں تیل کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ خام تیل کی قیمتوں میں اس اضافے کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک اور اوپیک کے تنظیمی دائرہ کار سے باہر کی تیل برآمد کرنے والی ریاستوں نے مل کر حال ہی میں یہ فیصلہ بھی کیا تھا کہ وہ اپنے ہاں تیل کی پیداوار کم کر دیں گی۔