وزیر اعلیٰ آ رہے ہیں ، آپ باہر چلے جائیں

وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی مئیو اسپتال آمد پر انتظامیہ نے مریضوں کو ہسپتال سے نکال دیا،متعدد کی حالت خراب ہو گئی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 18 مئی 2018 18:37

وزیر اعلیٰ آ رہے ہیں ، آپ باہر چلے جائیں
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار - 18 مئی 2018ء ) :وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی مئیو اسپتال آمد پر انتظامیہ نے مریضوں کو ہسپتال سے نکال دیا،متعدد کی حالت خراب ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق ہر سیاستدان جب اقتدار میں آنا چاہ رہا ہوتا ہے تو وہ عوام کے دل موہنے کے لیے پروٹوکو ل نہ لینے کے ہرے باغ عوام کو دکھاتا ہے مگر جیسے ہی اقتدار کی مسند قدموں تلے آ جاتی ہے تو وہی پروٹوکول کی نفی کرنے والا سیاستدان بادشاہ سلامت کی طرح 30یا 40گاڑیوں کے ہجوم میں عوام کے سامنے دندناتا پھرتا ہے۔

پروٹوکول ہمارے ہاں ایک ایسا مسئلہ بن چکا ہے جس کے بہت سے نقصانات عام شہریوں کو اٹھانے پڑتے ہیں ۔اکثر پروٹوکول کے باعث منظر عام پر آنے والے افسوسناک واقعات میڈیا اور خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں مگر اس کے باوجود ہمارے سیاستدانوں اور لیڈران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔

(جاری ہے)

ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ آج لاہور میں پیش آیا جہاں پر خادم اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز کے پروٹوکول نے مریضوں کو ہسپتال سے نکلنے پر مجبور کر دیا۔

مریضوں کے ساتھ ساتھ ان کی تیماداری کے لیے آنے والوں کو بھی نکال دیا حتیٰ کہ برن یونٹ میں موجود مریضوں کو بھی ہسپتال سے نکال دیا گیا۔مریضوں کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب آ رہے ہیں اس لیے آپ باہر چلے جائیں۔مریضوں نے اسپتال انتظامیہ پر شدید تنقید کی۔مریضوں کے ساتھ آنے والوں نے بھی اس معاملے پر شدید احتجاج کیا۔

اسپتال انتظامیہ کے اس اقدام سے وہاں موجود متععدد مریضوں کی حالت خراب ہو گئی۔یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے آج میو ہسپتال کا دورہ کیا جہاں وزیراعلیٰ پنجاب نے میو ہسپتال میں سرجیکل ٹاور کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 6منزلہ سرجیکل ٹاور کا افتتاح میرے لیئے خوشی کی بات ہے، برن یونٹ میں جدید مشینوں سے تعین ہوسکے گا کہ جسم کتنا فیصد جلا ہواہ، ایسی مشین ملک کے کسی ہسپتال میں نہیں ہیں، تمام عملہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، شاندار سسٹم کے کمرے تیار کئے گئے ہیں۔