ناراض بیوی کو منانے میں ناکامی ،سالے کیساتھ تلخ کلامی ، ملزم کی بھائیوں کے ہمراہ فائرنگ سالے کو قتل کریا

جمعہ مئی 22:05

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2018ء) ناراض بیوی کو منانے میں ناکامی اور سالے کیساتھ تلخ کلامی پر بہنوئی نے بھائیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے سالے کے موت کے گھاٹ جبکہ ایک شخص کو زخمی کر دیا۔ وقار شاہ مبینہ طور پراپنی بیوی کے ساتھ مار پیٹ کرتا تھا جس کی وجہ سے اسکی بیوی اپنے بھائی کے گھر آگئی تھی چند روز قبل مقتول کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی تھی۔

پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے، تھانہ سٹی پولیس نے تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محمد اخلاق ولد محمد اشفاق سکنہ محلہ سخی نگر حسن ابدال نے تھانہ سٹی پولیس کو بیان دیا کہ گذشتہ شام میں افطاری کے لیے اپنے ماموں کے ہمراہ اپنے گھر جا رہا تھا جب ہم گلی میں پہنچے تو دیکھا کہ وقار شاہ، شہزاد شاہ اور رخسار شاہ ولد مسرور شاہ سکنہ ہری پور ہمارے دروزے پر دستک دے رہے تھے دستک دینے پر میرا بھائی محمد سلیم باہر آیا جسے دیکھتے ہی وقار شاہ نے تلخ کلامی شروع کر دی کہ آج تمہیں اپنی بے عزتی کرنے کا مزہ چکھاتا ہوںشور سن پر میرا چچا زاد محمد وقاص بھی اپنے گھر سے باہر نکل آیا اس اثناء میں وقار شاہ نے میرے بھائی محمد سلیم پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا اس کو بچانے کی غرض سے جب میرا چچا زاد آگے بڑھا تورخسار شاہ اور شہزاد شاہ نے اپنے اپنے پسٹل سے اس پر فائرنگ کر دی جس سے وہ بھی شدید زخمی ہو گیا ہمارے شور کرنے پر ملزمان بھاگ گئے زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حسن ابدال لے جاتے ہوئے میرا بھائی محمد سلیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

(جاری ہے)

محمد اخلاق کے مطابق ان کی بہن مسماة (س) کی دس سال قبل وقار شاہ سے شادی ہوئی تھی جو اکثر ان کی بہن کے ساتھ مار پیٹ کرتا تھا جس کی وجہ سے وہ ناراض ہو کر ہمارے پاس آ گئی تھی جسے منانے کے لیے وقار شاہ ہمارے گھر آیا اس دوران میرے بھائی کی وقار شاہ سے تلخ کلامی ہوئی تھی جس کا بدلہ لینے کے لیے ملزمان نے فائرنگ کی ۔ تھانہ سٹی حسن ابدال پولیس نے محمد اخلاق کے بیان پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔