ْکراچی میں شدید گرمی، درجہ حرارت 42 ڈگری تک جاپہنچاگیا، ہوامیں نمی کا تناسب 14 فیصد ریکارڈ

شدید گرمی، پانی کی قلت اور طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے ماہ رمضان کے ابتدائی ایام میں لوگوں کی مشکلات بڑھا دیں

ہفتہ 19 مئی 2018 22:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2018ء) شہر قائد میں ہیٹ ویو کی وجہ سے شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور درجہ حرارت 42 ڈگری تک جاپہنچا ہے۔تفصیلات کے مطابق ہفتے کوکراچی میں سال کا گرم ترین دن رہا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوامیں نمی کا تناسب 14 فیصد ریکارڈ کیاگیا۔ سمندری ہواؤں کی بندش اور حبس کے باعث گرمی کی شدت 45 ڈگری محسوس کی گئی۔

(جاری ہے)

شدید گرمی، پانی کی بندش اور کے الیکٹرک کی جانب سے فنی خرابیوں کے نام پر طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے رمضان المبارک کے ابتدائی ایام میں لوگوں کی مشکلات بڑھا دیں تاہم سہہ پہر کو سمندری ہوائیں چلنے سے صورت حال میں بہتری آئی۔محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز درجہ حرارت 43 ڈگری تک تجاوز کرنے کی پیش گوئی کی تھی جب کہ گرمی کی شدت مزید 5 روز تک برقرار رہے گی اور درجہ حرارت 40 ڈگری تک رہے گا۔صوبائی حکومت نے صورت حال سے نمٹنے کے لیے کراچی کی مقامی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کررکھی ہیں، کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے شہر کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔