نواز شریف آج بھی عوام کے مقبول ترین رہنما ہیں‘ملک بھر میں ہونے والے ان کے عوامی جلسوں میں لاکھوں لوگ شرکت کر رہے ہیں

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

اتوار 20 مئی 2018 01:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف آج بھی عوام کے مقبول ترین رہنما ہیں کیونکہ ملک بھر میں ہونے والے ان کے عوامی جلسوں میں لاکھوں لوگ شرکت کر رہے ہیں جو ان کی عوامی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔ ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کو کم کرنے کے لیے کوشاں ہیں لیکن وہ اپنے ان ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف وہ شخصیت ہیں جنہوں نے ہمیشہ قومی مفاد اور ملکی معیشت کے استحکام کے لیے کام کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ورکروں اور کارکنوں نے ہمیشہ اپنے اس محبوب قائد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ محمد نواز شریف ہی نے ایٹمی دھماکے بھی کیے اور ملک میں پاک چین اقتصادی راہداری سمیت متعدد عوامی ترقیاتی و فلاحی منصوبے شروع کیے جن سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا جبکہ ملک بھر سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد بھی محمد نواز شریف ہی نے شروع کیا تاکہ دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا اور اس ضمن میں متعدد اہم کامیابیاں بھی حاصل کیں۔