ٹیکساس میں فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والی سبیکا کی میت کو (آج) پاکستان لایا جائیگا

اتوار 20 مئی 2018 13:30

ٹیکساس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) ٹیکساس میں فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والی سبیکا کی میت کو (آج) پیر کو امریکہ سے پاکستان لایا جائیگا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے تصدیق کی کہ ضروری کارروائی کے بعد سبیکا شیخ کی میت پیر کو پاکستان روانہ کی جائے گی۔ گزشتہ روز ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی سبیکا کی موت پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ امریکی سفارت خانے سے جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سبیکا شیخ محکمہ خارجہ معاون پروگرام کے تحت ٹیکساس میں زیر تعلیم تھیں اور اس پروگرام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنا ہے۔دوسری جانب سبیکا کی ناگہانی وفات پر اس کے اہلخانہ کے علاوہ گھر پر آنے والے عزیز و اقارب اور دوست بھی دل گرفتہ ہیں۔ سبیکا کی وفات پر تعزیت کیلئے آنے والوں کا اتوار کو تانتا بندھا رہا اور سبیکا کے والدین سے اظہار تعزیت کیا ۔