Live Updates

مئی آتے ہی لوڈشیڈنگ کا جن پھر سے بے قابو، لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا‘عزیز الرحمن چن

ملک میں ترقی و خوشحالی اور امن لانے کے لئے جمہوریت کو مضبوط اور سیاسی استحکام لانا ہو گا ‘صدر پیپلزپارٹی لاہور

اتوار 20 مئی 2018 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ لیگی حکومت نے عوام کو مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے جن کے آگے پھینک دیا ہے ، عوام کے ہوش اڑے ہوئے ہیں اور حکمرانوں کا بدعائیں دے رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مئی آتے ہی لوڈشیڈنگ کا جن پھر سے بے قابو، بارہ، بارہ گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا۔

(جاری ہے)

ملک کے مختلف حصوں میں 10 سے 12 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ترقی اور امن، جمہوریت اور سیاسی استحکام میں ہی پنہاں ہے ترقی و خوشحالی اور امن لانے کے لئے ملک میں جمہوریت کو مضبوط اور سیاسی استحکام لانا ہو گا لیکن ایک طرف میاں نواز شریف نے اداروں کے ساتھ محاذ آرائی اور انتشار کی سیاست شروع کررکھی ہے تو دوسری طرف عمران خان نے گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا ہے جس کی وجہ سے ملک میں بے یقینی کی صورت حال ہے اور عوام کے مسائل حل نہیں ہو رہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات