Live Updates

عمران نیازی کاسودن پلان کااعلان کرکے قوم کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں،سینیٹر بہرہ مندخان تنگی

اتوار 20 مئی 2018 19:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے رہنما سینیٹر بہرہ مندخان تنگی نے عمران خان کے 100دن کے پلان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی قوم کو یہ دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ اقتدار میں آرہے ہیں حالانکہ عمران نیازی کو معلوم ہے کہ ان کی شکست کی ابتدا پختونخوا سے ہو رہی ہے۔

بہرہ مند خان تنگی نے کہا کہ عمران نیازی نئے ایجنڈا کے اعلان کی بجائے قوم کو ان سوالات کا جواب دیں کہ کے پی کے عوام کے لئے روزگار کے نئے مواقع کیوں پیدا نہیں کئے، ہسپتالوں کو ضروری سہولیات فراہم کیوں نہیں کیں، سینکڑوں سرکاری سکول کیوں بند کر دئیے، ان کے پانچ سال کے دوران شاہراہوں کی تعمیر کیوں نہیں کی گئی، احتساب کے ادارے کے دروازے پر تالے کیوں لگا دئیے۔

(جاری ہے)

سینیٹر بہرہ مند خان تنگی نے کہا کہ غلط بیانی، بہتان بازی اور دھوکہ دہی عمران نیازی کی عادت بن چکی ہے۔ شہباز شریف نے اگر میگا پروجیکٹ بنا کر میگا کرپشن کی تو عمران نیازی نے بھی درخت اگانے کی آڑ میں کرپشن کے ریکارڈ توڑ دئیے۔ بہرہ مند خان تنگی نے سوال کیا کہ جنگلات میں درخت نہیں اگیں گے تو ایفل ٹاور اگیں گے یہ فطری بات ہے کہ جنگل میں ایک درخت دیگر درختوں کی پیداوار کا سبب بنتا ہے تو پھر عمران نیازی نے ایک ارب کہا لگائی انہوں نے کہا کہ کے پی میں اندھیرے کرنے کے بعد باقی تین صوبوں کے عوام کو جھانسہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آج کے پی کے عوام لالٹین ہاتھوں میں لئے عمران نیازی کی تبدیل کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ بہرہ مند خان تنگی نے کہا کہ نوشہرہ میں پرویز خٹک کا کالے جھنڈٖوں کے ساتھ استقبال دراصل عمران نیازی کو آئینہ دکھانے کے مترادف ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات