Live Updates

محمد نواز شریف کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، 2018کا الیکشن مسلم لیگ ن کی فتح کا سال ہے،وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد

اتوار 20 مئی 2018 20:50

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ 23مئی کا جلسہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی کر دے گا، محمد نواز شریف اور مریم نواز کے فقید المثا ل استقبال کی تیاریاں لیاقت علی خان شہید سٹیڈیم اٹک میں مکمل کر لی گئیں، وفاقی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور 2018کا الیکشن مسلم لیگ ن کی فتح کا سال ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مخالفین تو مخالفین ہی ہوتے ہیں اگر وہ تنقید کی بات کریں تو کوئی بڑی بات نہیں ،انہوں نے کہا کہ میں اپنے حلقہ NA57میں 250گھرانوں کو گیس کی فراہمی مکمل کر چکا ہوں، جن میں سے 126دیہات علاقہ چھچھ اور 100کے قریب اٹک کی ملحقہ آبادیوں میں گیس کی فراہمی کو ممکن بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اٹک کے طلباء طالبات کیلئے زرعی بارانی یونیورسٹی کا قیام اور میڈیکل کالج کی منظوری بھی ہو گئی ہے انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے آج تک میرے مانگے ہوئے فنڈز میں رکاوٹ نہیں ڈالی انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف اٹک کے عوام کی دل کی دھڑکن ہیں یہ دبانے سے نہیں دبیں گے بلکہ مزید ابھریں گے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر انتہائی فہم و فراست اور ٹھنڈے مزاج کے سیاست دان ہیں انشاء اللہ نگران وزیر اعظم کا فیصلہ جلد ہی ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ میںاللہ کے آگے جوابدہ ہوں میں نے عوام کی خدمت میں کوئی کثر نہیں اٹھا رکھی۔

سبیکا شیخ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کی ہلاکت قابل افسوس ہے، اللہ تعالیٰ اس بچی کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر و جمیل عطا کرے ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات