نوجوان ملک ، قوم اور معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں،میجر جنرل ثاقب محمود ملک

پیر 21 مئی 2018 13:30

استور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) فورس کمانڈر میجر جنرل ثاقب محمود ملک نے کہا ہے کہ نوجوان ملک ، قوم اور معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں،یہ ہمارے ملک اور قوم کا مستقبل ہے۔کسی بھی قوم کی طاقت اس کے نوجوانوں سے ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے طلباء وطالبات کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آج کا نوجوان ہمارا مستقبل ہے جس میں کوئی دو رائے نہیں،انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک قوم کیسے بن سکتے ہیں اس کیلئے ہمیں آگے بڑھنا ہوگااورہمیں انفرادیت سے بڑھ کر اجتماعیت پر فوقیت دینی ہوگی،نوجوانوں کو چاہئیے کہ وہ ملکی سالمیت اور تعمیر و ترقی کیلئے مثبت سوچ اپنائیں تاکہ ملک کے مستقبل پر مثبت اثرات مرتب ہوسکے۔

ملک و قوم کیلئے اچھا اور بہتر کام ہمارا نوجوان ہی کرسکتا ہے،ہم نے اپنے مستقبل کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا ہے اور ہم اپنی ذمہ داریوں سے نابلد نہیں رہنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

کمانڈر ایف سی این اے نے نوجوانوں کی معاشروں کی تشکیل کی اہمیت پرتفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوان ملک کے دیگر حصوں سے ہزار درجے بہترہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو دور جدید کے تمام تقاضوں سے روشناس ہو کر اچھے اور برے کی تمیز رکھتے ہوئے دشمنوں کی چال کو سمجھنے پر زور دیا‘کمانڈر ایف سی این اے نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے کندھوں پرقوم کی رہنمائی کا بہت بڑا بوجھ ہے اور انہوں نے اس ذمہ داری کو احسن انداز سے پورا کرنا ہے۔

انہوں نے اتفاق و اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوانوں کے بغیر ممکن نہیں۔دشمن کی ایجنسیاں میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے ہمارے نوجوانوں کے ازہان خراب کرنے کی ناکام کوشش کررہی ہیں ،انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان بھر میں 9 آرمی پبلک سکولز،2 کیڈٹ کالجز اور 49 ہاسٹلز پاکستان آرمی کے زیر انتظام چل رہے ہیں اور ان ہاسٹلز میں رہائش پذیر طلباء کو مفت سہولیات بہم پہنچائی جا رہی ہے۔افطار ڈنر کے بعد طلباء و طالبات کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگ سچے اور محب وطن پاکستانی ہیں جس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔

متعلقہ عنوان :