پاکستان فرنیچر کونسل کا لاہور میں فیرروز پور روڈ پر آتشزدگی سے متاثرہ فرنیچر کے دکانداروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ،

حکومت سے معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ نقصان کے باعث تاجروں کا کاروبار بند ہے، فرنیچر سیکٹر کی برآمداتی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے افرادی قوت کی تربیت اور مشینری کی اپ گریڈنگ کے لئے مالی تعاون بھی فراہم کیا جائے، چیف ایگزیکٹو پی ایف سی میاں کاشف اشفاق

منگل 22 مئی 2018 14:54

پاکستان فرنیچر کونسل کا لاہور میں فیرروز پور روڈ پر آتشزدگی سے متاثرہ ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد کاشف اشفاق نے لاہور میں فیرروز پور روڈ پر آتشزدگی کی وجہ سے متاثرہ فرنیچر کے دکانداروںکے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کے نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے انہیں معاوضہ ادا کیا جائے۔ منگل کو جاری اپنے بیان میں میاں کاشف اشفاق نے اس سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فرنیچر کا شعبہ پہلے ہی نظرانداز ہونے کی وجہ سے مشکل صورتحال سے دوچار ہے اور فرنیچر فروشوں کو اپنا کاروبار چلانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، آتشزدگی کی وجہ سے نقصان کے باعث ان کا کاروبار بند ہوکر رہ گیا ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ دکانداروں کو نقصان کا معاوضہ اداکیا جائے تاکہ وہ اس مشکل صورتحال سے نکل کر اپنا کاروبار دوبارہ شروع کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فرنیچر کا شعبہ ملکی معیشت میں انتہائی اہمیت رکھتا ہے اور سالانہ برآمدات کی صورت میں معیشت میں اربوں ڈالر کا اضافہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر کی صنعت نے کسی بھی حکومتی مدد کے بغیر گزشتہ دہائیوں میں بہت ترقی کی ہے لیکن غیرمنظم ہونے کی وجہ سے یہ مشکلات کا شکار ہے اور اس انڈسٹری کو یکجا کرنے سے پیداواری لاگت کم ہوسکتی ہے۔

میاں کاشف اشفاق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فرنیچر سیکٹر کی برآمداتی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے افرادی قوت کی تربیت اور مشینری کی اپ گریڈنگ کے لئے مالی تعاون فراہم کیا جائے اور اس کی صلاحیتوں سے بھر پور استفادے کے لیے فرنیچر سیکٹر کو صنعت کا درجہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں مسابقت اور مقابلہ کے لیے فرنیچر سیکٹر پر ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کی شرح میں کمی کی جائے اور صرف اعلیٰ درجے کے فرنیچر کی ایکسپورٹ کو یقینی بنانے کے لیے معیار کی جانچ کے لیے ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کی جائے تاکہ بین الاقوامی خریداروں کا اعتماد حاصل کیا جا سکے۔