اشیائے ضروریہ کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ‘ ڈپٹی کمشنر قصور

منگل 22 مئی 2018 16:40

قصور۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) رمضان بازاروں میں اشیائے خورونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جا رہا ہے ‘اشیائے ضروریہ کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ‘اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس رمضان بازاروں کیساتھ ساتھ عام مارکیٹوں میں بھی اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنائیں ‘گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں ، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے گزشتہ روز کوٹ رادھاکشن ‘کھڈیاں ‘پتوکی اور پھولنگر سستے رمضان بازاروں کے دورہ کے موقع پر کیا، پھولنگر سستے رمضان بازار دورہ کے موقع پر چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندرحیات خاں بھی ان کے ہمراہ تھے ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ سستے رمضان بازاروں میں اشیائے خورونوش کی کوالٹی ‘معیار اور قیمتوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ‘سکیورٹی ‘صفائی اور پارکنگ کی سہولیات باہم پہنچائی گئی ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ رمضان بازاروں میں سبزیوں ‘پھلوں ‘آٹا اور چینی کی وافر مقدار میں موجودگی اور ان کی مقررہ قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنایا جا رہا ہے ، ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو حکم دیا کہ وہ سستے رمضان بازاروں کے ساتھ ساتھ عام مارکیٹوں میں بھی باقاعدگی سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیں اور ناجائز منافع خوروں ‘ذخیرہ اندوزوں اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنیوالے دکانداروں کیخلاف قانون کے مطابق کا رروائی کریں ،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے رمضان پیکج کا ثمر براہ راست عام آدمی تک پہنچایا جا رہا ہے ،انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے مزید اقدامات اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف کریک ڈائون تیز کیا جائے ۔