سبیکا شیخ کی موت ہر ماں کیلئے صدمہ ہے،حنا پرویز بٹ

منگل 22 مئی 2018 17:58

لاہور۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ سبیکا شیخ کی موت ہر ماں کیلئے صدمہ ہے، پاکستانی قوم اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے، دہشتگردی پوری دنیا کیلئے زہر قاتل بن چکی ہے، تمام ممالک کو دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے متحد ہونا پڑیگا، دنیا کا کوئی مذہب بھی کسی شہری کو قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا ہے، ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، ہمیں اس ناسور سے مکمل چھٹکارے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل بنانا پڑیگا، رکن صوبائی اسمبلی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا سبیکا کی المناک موت نے پوری قوم کو رولا دیا ہے، مسلمانوں کو دہشتگرد کہنے والا امریکہ خود غیر ملکیوں کیلئے غیر محفوظ ملک بن چکا ہے،گزشتہ ایک سال کے دوران امریکہ میں یہ چھٹا واقعہ رونما ہو چکا ہے جس میں غیر مسلم دہشتگردوں نے عام شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا ہے جس میں مسلم شہری بھی جاںبحق ہوئے ، اگر امریکہ، برطانیہ ، فرانس سمیت بڑے ممالک نے اس ناسور کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات نہ کئے تو اس سے کوئی ملک محفوظ نہیں رہ سکتا۔