رواں مالی سال 2017-18 کے دوران ٹیکسٹائلز کی برآمدات میں 8 فیصد کا اضافہ

منگل 22 مئی 2018 18:55

رواں مالی سال 2017-18 کے دوران ٹیکسٹائلز کی برآمدات میں 8 فیصد کا اضافہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2018ء) رواں مالی سال 2017-18 کے دوران ٹیکسٹائلز کی برآمدات میں 8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ جولائی تا اپریل 2017-18 کے دوران برآمدات کا حجم 11.2 ارب ڈالر تک بڑھ گیا۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق ٹیکسٹائلز کی قومی برآمدات میں اضافہ کا بنیادی سبب تیار ملبوسات اور نٹ ویئرز کی برآمدات میں ہونے والا نمایاں اضافہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی دس مہینوں کے دوران ریڈی میڈگارمنٹس کی برآمدات میں بالحاظ مالیت 11.96 فیصد جبکہ نیٹ ویئرز کی برآمدات میں 11.65 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح بیڈ ویئرز کی برآمدات میں بھی 4.77 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پی بی ایس کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا اپریل کے دوران مجموعی قومی برآمدات میں 13.65 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

اس دوران 19.2 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران قومی برآمدات کا مجموعی حجم 16.89 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق نان ٹیکسٹائلز برآمدات میں بھی 21.2فیصد کے اضافہ سے برآمدات 6.6 ارب ڈالر کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی دس ماہ کے دوران 8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔۔