وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات محمد بلال خان کاکڑ کے دفتر میں میڈیا پالیسی کے حوالے سے اجلاس

منگل 22 مئی 2018 23:33

کوئٹہ۔22مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات محمد بلال خان کاکڑ کے دفتر میں میڈیا پالیسی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلا س میں سیکریٹری اطلاعات محمد طیب خان لہڑی ،ریجنل پولیس آفیسر کوئٹہ ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ ، ڈی جی پی آر شہزادہ فرحت ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ فرخ شہزاد ، کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا الرحمن ، بلوچستان یونین آف جرنلسٹ کے صدر خلیل احمد اور جنرل سیکریٹری محمد ایوب ترین نے شرکت کی شرکاء نے میڈیا کے حوالے سے مختلف نکات کا جائزہ لیامیڈیا کی اہمیت ر وز روش کی طرح عیاں ہے معاشرے کی بقاء اور ترقی کیلئے میڈیا کا کردار نہایت ناگزیر ہے اور عوام تک خبروں کی شفاف ترسیل میڈیا ہی کے مرہون منت ہے ۔

ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے نمائندوں کی حفاظت ہم سب کیلئے مقدم ہے ۔

(جاری ہے)

کسی بھی ناگہانی صورتحال کی کوریج کرتے وقت میڈیا کی ذمہ داری اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں مگر ہم چاہتے ہیںکہ میڈیا کے نمائندے اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچیں اور عافیت سے اپنا کام سرانجام دے سکیں ۔

سیکریٹری اطلاعات محمد طیب لہڑی نے کہا کہ ہم سب کو ملکر میڈیا اور میڈیا کے نمائندوں کی حفاظت کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسے اقدامات کرنے کی ضرور ت ہے جس سے عوام کو شفاف خبروں کی ترسیل اور میڈیا کے نمائندوں کی حفاظت ممکن ہوسکے ۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی بلال خان کاکڑ نے کہا کہ کسی کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ میڈیا کے ساتھ ناشائستہ رویہ اختیار کرے ہم میڈیا کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے ۔

میڈیا پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تحقیق کرکے مصدقہ خبروں کو جاری کریں ۔ جلدی میں جاری کردہ غیر مصدقہ خبروں کی حوصلہ شکنی کی جائے ۔ میڈیا کے نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا اور محکمہ اطلاعات کے قوائد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ایک پالیسی مرتب کردہ پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے ۔ اجلاس کے آخرمیں یہ فیصلہ کیا گیا کہ میڈیا کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا اور خبروں کی شفافیت اور حساسیت کو مقدم رکھتے ہوئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے جبکہ سوشل میڈیا پرگمراہ کن اور غیر مصدقہ پیغامات دینے والوں کیلئے بھی قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیااس موقع پر صدر پریس کلب کوئٹہ رضا الرحمن نے کہا کہ جلد میڈیا ایکشن کمیٹی کا اجلاس بلا کر میڈیا کی سطح پر بنائی جانے والی کمیٹی کو دوبارہ فعال کیا جائے گا ۔